• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حیسکو عملے کی ملی بھگت، 3 درجن سےزائد فلیٹس میں بجلی چوری کرائے جانے کا انکشاف

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ)حیسکو عملے کی ملی بھگت سے سرعام پلازو ں اور کولڈ اسٹور میں بجلی چوری کرائے جانے کا انکشاف، حالی روڈ سب ڈویڑن کے علاقے سبزی منڈی چوک پر حال ہی میں تعمیر ہونے والے پلاز ہ پر حیسکو عملے کی ملی بھگت سے3 درجن سے زائد فلیٹس میں کنڈاکنکشن استعمال کیاجارہاہے جبکہ مذکورہ پلازہ میں گیس کنکشن نہ ہونے کی وجہ سے ہیٹرزبھی چوری کی بجلی سے استعمال کئے جارہے ہیں، علاوہ ازیں کیلے کے اسٹور میں بھی حیسکو کا عملے کی جانب سے بااثرافراد کی سرپرستی میں ماہانہ لاکھوں روپے کی بجلی چوری کرائی جارہی ہے۔ حیسکو ترجمان کے مطابق حیسکو چیف کے واضح احکامات ہیں کہ حیسکو کا کوئی بھی ملازم بجلی چوری میں ملوث پایاگیا تواسے نوکری سے فارغ کردیاجائےگا۔

تفصیلات کے مطابق حالی روڈ سب ڈویڑن میں حیسکو افسران اورعملے کی ملی بھگت سے سبزی منڈی چوک پر نئے تعمیر ہونے والے 4منزلہ پلازہ ابوالحسن اسکوائر میں 52فلیٹس ہیں جہاں ذرائع کے مطابق 3درجن سے زائد فلیٹس میں رہائش پذیر افراد کو بغیر میٹر کے حیسکو عملے کی جانب سے ایک ہزار روپے ماہانہ پر بجلی چوری کرائی جارہی ہے، جبکہ مذکورہ فلیٹس میں گیس کنکشن نہ ہونے کی وجہ سے رہائش پذیر افرادبجلی کے ہیٹر بھی بے دریغ استعمال کرکے لاکھوں روپے کی بجلی چوری کررہے ہیں، اس سارے عمل کو حیسکو کا ایک منظم گروہ تحفظ فراہم اور لاکھوں روپے بٹور رہاہے اس کے علاوہ مذکورہ پلازہ کے نیچے ایک درجن کے قریب دوکاندار بھی عملے کی ملی بھگت سے چوری کی بجلی استعمال کررہے ہیں، ایک جانب حیسکو دیگر علاقوں میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کررہی ہے تو دوسری جانب حیسکو کاعملہ خود لوگوں کو بجلی چوری کراکے تحفظ فراہم کررہا ہے، علاوہ ازیں اسی علاقے میں کولڈ ہاؤس پر سالہا سال سے حیسکو افسران اور عملے کی سرپرستی میں میٹرمیں ہیر پھیر کرکے لاکھوں روپے کا قومی خزانے کو نقصان پہنچایاجارہے جس کا متعلقہ سب ڈویڑن کے بالاافسران کو علم ہے اس کے باوجود کارروائی کرنے سے گریزاں ہیں۔

جنگ کے رابطہ کرنے پر حیسکو ترجمان کا کہناہے کہ حیسکو چیف کے واضح احکامات ہیں کہ حیسکو کا کوئی بھی ملازم بجلی چوری میں ملوث پایاگیا تو اسے نوکری سے فارغ کردیاجائےگا ،بجلی چوری کسی صورت قابل قبول نہیں ہے، ہرشہری قانون کا پابند ہے کہ وہ حیسکو سے قانونی تقاضے پورے کرکے بجلی کاکنکشن حاصل کرے بصورت دیگر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

تازہ ترین