• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلاٹیسٹ تین دن میں ختم، انگلینڈ کا شارٹ کٹ ایک اننگز،209رنز سے کامیاب

ابجبسٹن ،برمنگھم( جنگ نیوز) انگلینڈ نے اپنے پہلے ڈے نائٹ ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو اننگز 209 رنز سے پامال کرتے ہوئے تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل لی۔ میچ کا فیصلہ تیسرے ہی دن ہوگیا۔ ایجبسٹن میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز جب کھیل کا آغاز ہوا تو ویسٹ انڈیز کا اسکور دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر44 رنز تھا جب کیرن پاؤل 18اور ہوپ 25 رنز پر کھیل رہے تھے۔

انگلش بولرز نے شارٹ کٹ اختیار کرتے ہوئے 19وکٹیں لے کر فتح کو گلے لگالیا۔ مہمان ٹیم فالو آن کے بعد دوسری اننگز میں محض 137 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز پہلی باری میں 168رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔ ہوم سائیڈ نے سابق کپتان ایلسٹر کک (243) اور کپتان جو روٹ (136) کی عمدہ اننگز کی بدولت پہلی اننگز آٹھ وکٹ پر 514رنز بنا کر ڈیکلیئر کی تھی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے پہلی اننگز میں جرمین بلیک ووڈ 79 رنز ناٹ آئوٹ کے ساتھ نمایاں رہے۔

اسٹورٹ براڈ نے دوسری اننگز میں 34 رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔اس دوران وہ ایان بوتھم کے 383ٹیسٹ وکٹوں کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ کر انگلینڈ کے دوسرے کامیاب ترین بولر بن گئے۔ اینڈرسن نے12، رولینڈ جونز نے 18 اور معین علی نے 54 رنز کے عوض دو دو وکٹ لیے۔ فالو آن کی ہزیمت کے بعد کارلوس بریتھویٹ 40، روسٹن چیز 24، کائل ہوپ12، کیمار روچ 12اور جرمین بلیک ووڈ 12 رنز بناسکے۔ الیسٹر کک میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔انگلینڈ نے اس جیت کے ساتھ ہی 3 میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 25 اگست کو لیڈز میں شروع ہوگا۔

دریں اثنا ایجسٹن میں بڑی شکست کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز کو ایک اور صدمے کا سامنا ہے۔ پارٹ ٹائم بولر  گریگ بریتھویٹ کا بولنگ ایکشن مشکوک رپورٹ ہوگیا ہے، انہوں نے چند اوورز ہی بولنگ کی تھی۔ آئی سی سی کی جنب سے فی الحال پابندی تو نہیں ہے، لیکن 14 دن میں ان کا ٹیسٹ ہوگا۔

تازہ ترین