• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ الیون کا دورہ یقینی،نجم سیٹھی نے خوشخبری دیدی

   لاہور/ کراچی ( جنگ نیوز/ اسٹاف رپورٹر) پی سی بی کے چیئر مین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ملک میں جلد عالمی کر کٹ بحال ہوجائے گی جس کے لئے بھر پور کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ الیون کا دورہ پاکستان یقینی ہوگیا ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ورلڈ الیون میں دنیا کے شہرت یافتہ کھلاڑی شامل ہونگے ان کی آمد سے دنیا میں مثبت پیغام جائے گا، جس کے بعد سری لنکا کی ٹیم بھی ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے پاکستان آئے گی۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں کوچز اور نوجوان کرکٹرز کی کارکردگی سے کامیابی نصیب ہوئی جس پر پوری قوم شاداں ہے اور روایتی حریف بھارت سے کامیابی نے اس خوشی کو دوبالا کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس  ایل سے پاکستان کر کٹ کو نئے کھلاڑی ملے ہیں ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے ان کو چانس دیا جائے گا تو ان میں اعتماد جنم لے گا اور وہ زیادہ بہتر انداز میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کر سکیں گے۔ دریں اثنا کراچی سے اسٹاف رپورٹر کے مطابق رواں سال پاکستان کا دورہ کرنے والی ورلڈ الیون میں کوئی بھارتی کرکٹر شامل نہیں ہوگا، بھارتی بورڈ نے اپنے کھلاڑیوں کو ورلڈ الیون کے ساتھ پاکستان کا دورہ کرنے کے لئے این او سی جاری کرنے سے انکار کردیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی بورڈ نے یہ فیصلہ اپنی حکومت کے مشورے پر کیا ہے جس کے تحت بھارت کے موجودہ اور سابق کھلاڑیوں کو ورلڈ الیون کے ساتھ پاکستان نہیں بھیجا جائے گا اس بارےمیں پی سی بی کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔ ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کو دی جانے والی سیکیورٹی کا جائزہ لینے کے لئےآئی سی سی سیکیورٹی ٹیم اگست میں پاکستان کادورہ کرے گی جس کی رپورٹ کی روشنی میں آئی سی سی ورلڈ الیون میں شامل ہونے کھلاڑیوں کے کرکٹ بورڈ کو اعتماد میں لے گی۔

تازہ ترین