• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی وسائل نہ ملنے کے باوجود کراچی آپریشن جاری رہے گا،وزیرداخلہ سندھ

لاڑکانہ (بیورو رپورٹ) وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے کہا ہے کہ بانی ایم کیو ایم ملک کے غدار ہیں کلبھوشن یادو اور بانی ایم کیو ایم دونوں کا جرم ایک ہی ہے، بانی متحدہ کو بھی کلبھوشن کی طرح پھانسی کی سزا ملنی چاہئے ، وفاقی حکومت کراچی آپریشن کا کریڈٹ لیتی ہے ، وفاقی وسائل نہ ملنے کے باوجود کراچی آپریشن جاری ہے اور جاری رہے گا ، 14؍ اگست کو یوم سیاہ منانے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی ۔

اتوار کو لاڑکانہ پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل انور سیال کا مزید کہنا تھا کہ تمام ادارے اور حکومت ایک پیج پر ہیں جو ملک کا دشمن وہ ہمارا دشمن ہے ہمارے لیے سب سے پہلے پاکستان ہے، 14؍ اگست کو جن لوگوں نے یوم سیاہ منایا ان سب کیخلاف کارروائیاں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہ کراچی آپریشن کا کریڈٹ وفاقی حکومت لیتی ہے لیکن وسائل فراہم کرنے میں صرف زیادتیاں کرتی ہیں ہم نے سندھ کی عوام سے وعدہ کیا تھا کہ امن امان قائم کریں گے اس لیے وفاق کی جانب سے وسائل کی عدم فراہمی کے باوجود کراچی آپریشن جاری ہے اور جاری رہے گا۔ سہیل انور سیال نے کہا کہ کراچی میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں دو گروپ ملوث ہیں جن میں سے ایک گروپ کو نہ صرف پکڑا ہے بلکہ پولیس مقابلوں میں ان کے کارندے مارے بھی گئی ہیں جبکہ جلد دوسرے گروپ کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جایا گا۔

سہیل انور سیال کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی نواز شریف کا نہیں بلکہ جمہوریت کو بچانے کے لیے ہمیشہ ساتھ دیا لیکن اب نواز شریف ملکی اداروں اور عدلیہ پر حملے کر رہے ہیں، یوسف رضا گیلانی سے خود کو وہ ملا رہے ہیں جو کہ ایک الگ قصہ تھا۔ نواز لیگ کی وفاق سمیت دو صوبوں میں حکومت ہے وہ واضع کریں ان کے ساتھ زیادتی کون کر رہا ہے۔ سہیل انورسیال نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں جرائم کی شرح میں واضح کمی آئی ہے، صرف شہر کراچی میں دنیا کے 50؍ ملکوں سے زائد کی آبادی رہتی ہے اور ان ترقی یافتہ ملکوں کے مقابلے میں کراچی میں جرائم کی شرح کم ہے۔ ماضی میں امن امان کی خراب صورتحال کے باعث لوگ سورج ڈہلنے سے پہلے سفر کرتے تھے اور اب سورج ڈہلنے کا انتظار کرتے ہیں تاکہ ٹھنڈے موسم میں سفر کرسکیں جو حکومت سندھ، پاکستان آرمی، پولیس اور رینجرز کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کے بجٹ میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ جدید اسلحہ بھی فراہم کیا گیا ہے جبکہ شہید اہلکاروں کا معاوضہ بھی 20 لاکھ سے بڑھا کر 50؍ لاکھ کردیا گیا ہے جو کہ سندھ حکومت کا قابل ستائش کام ہے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈی آئی جی لاڑکانہ عبداللہ شیخ، ایس ایس پی لاڑکانہ ساجد امیر سدوزئی، میئر لاڑکانہ محمد اسلم شیخ اور دیگر بھی موجود تھے۔

تازہ ترین