• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اسلام کے نام پربنا ہےاوراسکی بقاءاسی میں ہے،عبدالغفورحیدری

 کراچی (اسٹاف رپورٹر)سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین اور جمعیت علما اسلام ( ف ) کے مرکزی سیکر یٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے اور اسی نام پر اس کی بقا ء ہے، اسلام ہی وہ واحد نعرہ اور مقصد ہے جو ہمیں ایک قوم کے طور پر جوڑ کے رکھا ہوا ہے،اگر نعرے اور مقصد سے ہٹ جائیں تو پھر مختلف جغرافیائی ،لسانی، گروہ اپنے اپنے نعرے بلند کریں گے جو ملکی سالمیت کے لئے خوفناک ہیں۔یوم آزادی کے موقع پر ہمیں قیام پاکستان کے مقصد اور جدو جہد آزادی میں قربانی دینے والے علماء اور مذہبی طبقے کو فراموش نہیں کرنا چاہیے۔اس وقت پاکستان کافی مشکل حالات سے گزر رہا ہے،ہمارے دشمن ہم پر نظریں جمائے ہوئے ہیں اور وہ موقع کی تلاش میں ہیں اور بدقسمتی سے ہم انتشار اور ذاتی مفادات میں الجھے ہوئے ہیں، تمام اداروں کو آئین کے اندر رہتے ہوئے اپنی اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی ہونگی،جو ہم سب کے حقوق کا ضامن ہے۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے گزشتہ شب کلفٹن کے مقامی ہال میں جمعیت علماء اسلام ( ف ) سندھ بزنس فورم کے زیراہتمام یوم آزادی کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں تاجر برادری سے تعلق رکھنے والے مختلف نمائندوں نے جمعیت علماء اسلام (ف)میں شمولیت کا اعلان بھی کیا۔ 

تازہ ترین