• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کا اسحق ڈار کو 35 کمیٹیوں کی صدارت سے فارغ کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد ( آن لائن ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وزیر خزانہ اسحق ڈار کا حکومتی امور پر اثرورسوخ ختم کرنے کیلئے مزید 35 کمیٹیوں کی صدارت سے انہیں فارغ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اسحاق ڈار گروپ کے اعلیٰ افسران کو بھی اہم عہدوں سے الگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،اس فیصلوں پر عملدرآمد اگلے ہفتے سے شروع ہوجائے گا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اسحاق ڈار کو پہلے ہی ای سی سی اور نجکاری کمیٹی کی صدارت سے فارغ کر چکے ہیں اب نجکاری کمیٹی،بین الوزارتی کمیٹیفوڈ سیکورٹی کمیٹی،شوگر انڈسٹری کے متعلق قائم کمیٹی،سرمایہ کاری کمیٹی،اسٹیٹ بنک بارے کمیٹی،صنعتی امور بارے کمیٹی، این ایچ اے کمیٹی اس طرح درجنوں سے زائد کمیٹیوں کی صدارت سے اسحاق ڈار کو فوری طور پر فارغ کردیا جائے گا۔

سابق نااہل ہونے والے وزیراعظم نوازشریف نے حکومت کی باگ ڈور اسحاق ڈار اور اپنی بیٹی مریم نواز کے ہاتھ میں دی تھی،اسحاق ڈار نوازشریف دور میں سب سے زیادہ طاقتور وزیر تھے اور کسی وزیر اور وزارت کی سمری کو کوئی اہمیت بھی نہ دیتے تھے۔اسحاق ڈار کے روئیے پر وزراء بھی سخت نالاں تھے بالخصوص شاہد خاقان عباسی نے متعدد بار اسحاق ڈار کے خلاف شکایات بھی کی تھیں لیکن نوازشریف نے اسحاق ڈار کو گلے لگائے رکھا۔پٹرول بحران کے دوران شاہد خاقان عباسی اور اسحاق ڈار کے مابین شدید تنازعہ پیدا ہوا تھا اب وزیراعظم نے اسحاق ڈار کو اس کی وقعت دکھاتے ہوئے 35 سے زائد کمپنیوں کی صدارت سے فارغ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور حکومتی امور اپنے پاس رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تازہ ترین