• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کا مختلف ملکوں میں تعینات غیر پیشہ ور سفارت کاروں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ

اسلام آباد (صالح ظافر) حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ دنیا کے مختلف دارالحکومتوں میں تعینات اپنے نان کیریئر (غیر پیشہ ور) سفارت کار اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔ ان سفارت کاروں کو سابق وزیراعظم نواز شریف نے مختلف تاریخوں میں مقرر کیا تھا لیکن ان کے کنٹریکٹ کا عرصہ مکمل ہونا باقی ہے۔ سفارتی ذرائع نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ حسب روایت اور حکومت اور غیر پیشہ ور سفارت کاروں کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت حکومت کی تبدیلی کے ساتھ ہی ان سفارت کاروں کو اپنا استعفیٰ پیش کرنا ہوتا ہے۔

لیکن دفتر خارجہ نے ان سفارت کاروں کو آگاہ کر دیا ہے کہ انہیں مستعفی ہونے کی ضرورت نہیں اور وہ اپنا کام جاری رکھیں۔ نئی حکومت کی رائے ہے کہ نان کیریئر اور کنٹریکٹ سفارت کار بہتر انداز سے کام انجام دے رہے ہیں۔ چونکہ انہیں سابق وزیراعظم نے طے شدہ طریقہ کار کے تحت مقرر کیا تھا اسلئے سفارتی ذمہ داریوں کیلئے تبدیلی کی ضرورت نہیں۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل سفیر اور صحافی سے سفیر بننے والی ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جبکہ ایک اور نان کیریئر سفارت کار طارق عظیم کینیڈا میں بہتر انداز سے کام کر رہے ہیں۔ سابق وزیراعظم نے 27 غیر پیشہ ور سفارت کار مقرر کیے تھے، دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کی آدھی تعداد پاک فضائیہ سے ریٹائر ہوئی ہے، 13 دفتر خارجہ کے ریٹائرڈ افسران ہیں۔

تازہ ترین