• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کامستقبل عزیزہےیاچندخاندانوں کا،فیصلہ عوام نےکرنا ہے،حسن نثار

کراچی(ٹی وی رپورٹ)سینئر تجزیہ کار حسن نثار نے کہا ہے کہ نیب چیئرمین کی تعیناتی ستمبر تک ہوجانی چاہئے،لیگ میں اختلافات وقتی اور باقاعدہ حکمت عملی کا حصہ ہوسکتے ہیں لیکن اختلافات حقیقی ہونے کے امکان بھی اتنے ہی روشن ہیں،کیپٹن صفدر فوج نہ چھوڑتا اور کسی معجزے سے آرمی چیف بن جاتا تونواز شریف کا اس سے بھی جھگڑا ہوجانا تھا، لوگوں کو پاکستان کا مستقبل عزیز ہے یا ان چند خاندانوں کا یہ فیصلہ عوام نے کرنا ہے،این اے 120کا الیکشن فوج کے زیرنگرانی کروانے کی بات معقول ہے،این اے 120میں شفاف الیکشن سے ن لیگ ایکسپوژ ہوجائے گی۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”میرے مطابق“ میں میزبان شجعیہ نیازی سے گفتگو کررہے تھے۔حسن نثار نے کہا کہ ن لیگ میں اختلافات ممکن ہے یہاں گڈ کوپ اور بیڈ کوپ والا کھیل کھیلا جارہا ہو، نواز شریف تین دفعہ وزیراعظم بن چکے ہیں مگرا ن کا ابھی تک پیٹ نہیں بھرا ہے،نواز شریف کے ذہن میں حکمرانی کا خبط سوار ہے،ن لیگ کا لوٹ مار کا ٹائٹینک آئس برگ سے ٹکرا چکا ہے، ن لیگ کا ٹائٹینک ڈوبنے لگے گا تو پہلے چھوٹے موٹے لیڈرز بھاگیں گے۔آرمی چیف کے آئی ایس پی آر میں انٹرن شپ کرنے والے طلباء سے خطاب پر تجزیہ کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ آرمی چیف نے طلباء کو محنت کرنے کی جو تلقین کی یہ بنیادی طورپر سیاسی لیڈرز کا کام ہے، جس معاشرے سے قانون کی حکمرانی، میرٹ اور محنت نکال لی جائے وہ بے روح کا معاشرہ ہوجاتا ہے،حکومت کو تمام اداروں میں طلباء کوا نٹرن شپ کروانی چاہئے، ایک پلڑے میں پاکستان اور دوسرے پلڑے میں چند خاندان ہیں،لوگوں کو پاکستان کا مستقبل عزیز ہے یا ان چند خاندانوں کا،یہ فیصلہ عوام نے کرنا ہے۔

حسن نثار کا کہنا تھا کہ اگر ایاز صادق ،جسٹس کھوسہ کیخلاف ریفرنس کے مسودے سے لاتعلقی کا اظہار کررہے ہیں تو اچھی بات ہے، لیکن جو لوگ خبث باطن کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ ایک طرف انہوں نے اپنے بادشاہ کے حکم کی تعمیل کی اور ساتھ ہی شہنشاہ کو اطلاع دیدی کہ یہ مجھ سے کروارہے ہیں،پاکستانی عوام کے ٹاپ ٹین پسندیدہ لوگوں میں سب سے پہلے نمبر پر سپریم کورٹ کے ججز اس کے بعد جے آئی ٹی ارکان ہیں۔حسن نثار نے کہا کہ حالیہ سروے کے مطابق این اے 120میں ن لیگ اور پی ٹی آئی میں معاملہ ففٹی ففٹی تک پہنچ گیا ہے، این اے 120میں شفاف الیکشن سے ن لیگ ایکسپوژ ہوجائے گی،اس حلقہ میں شفاف انتخابات کو یقینی بنایا جائے، ڈاکٹر یاسمین راشد اپنے تحفظات سے قوم کوا ٓگاہ کررہی ہیں، کلثوم نواز نے انتخابی مہم چلانے کے بجائے بیرون ملک جاکر واضح پیغام دیدیا کہ شریف خاندان اس حلقے کے عوام کو اپنا زرخرید غلام سمجھتا ہے۔حسن نثار نے کہا کہ خورشید شاہ نے درست بات کی کہ نیب چیئرمین کی تعیناتی ستمبر تک ہوجانی چاہئے، ن لیگ نیب چیئرمین کی تعیناتی کے معاملے کو لٹکانے کی کوشش کرے گی۔

تازہ ترین