• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنی گالہ میں اجلاس، عمران کی انتخابی مہم میں شرکت پر پابندی کو چیلنج کرنے کا فیصلہ

Todays Print

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کی جانب سے چیئرمین عمران خان پر حلقہ این اے 120 کی انتخابی مہم میں شرکت پر لگائی گئی قدغن کے خلاف قانونی چارہ جوئی اور راجن پور سے اغواءہونے والے پولیس اہلکاروں کی بازیابی کے لئے خیبر پختونخوا پولیس کی خدمات پنجاب حکومت کو فراہم کرنے کی پیشکش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی سربراہی میں پارٹی رہنماؤں کا اجلاس گزشتہ روز بنی گالہ میں منعقد ہوا جس میں کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے مرکزی قائدین نے شرکت کی۔ اجلاس میں مجموعی ملکی سیاسی صورتحال ، این اے 120 میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔  تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعت کے قائد کو عوام میں جانے سے روکنے کا فیصلہ بے معنی اور ناقابل فہم ہے ۔

تحریک انصاف کی قیادت نے کہا  کہ نون لیگ کی جانب سے مسلسل سیاسی مداخلت کے ذریعے پنجاب میں پولیس پیشہ ورانہ طور پر مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔

اجلاس میں سندھ حکومت اور سکھر انتظامیہ کہ جانب سے 25 اگست کے جلسے کے خلاف اقدامات کی شدید مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ  یہ رکاوٹیں سندھ حکومت کی حواس باختگی کی علامت ہیں ، خیبر پختونخوا میں پیپلز پارٹی کی سرگرمیوں میں کسی قسم کی کوئی رخنہ اندازی نہیں کی گئی ۔موثر حکومت اور وسیع القلبی سیکھنے کے لئے پنجاب اور سندھ کے حکمران خیبر پختونخوا سے سیکھیں۔

تحریک انصاف کی قیادت نے مزید کہا کہ عدلیہ کی تعظیم قانون کے تابع ہر فرد اور ادارے پر واجب ہے ، تحریک انصاف فریقین کو قانون کی تکریم اور بالادستی یقینی بنانے کا پیغام دیتی ہے ، معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کی جانب لے کر جایا جائے۔ 

تازہ ترین