• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پا کستا ن کی ریٹیل ما رکیٹ کا حجم 152 ارب ڈالر ز سے بھی تجا وز کر گیا،گو رنر سندھ

  کراچی(اسٹاف رپورٹر) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ خوردہ تجارت (Retail Trade) کسی بھی ملک میں اہم ستون کا درجہ رکھتی ہے، پاکستان بھی ریٹیل ٹریڈ کی بڑی مارکیٹ بن چکا ہے، امن و امان کے قیام کے بعد پاکستان کی موجودہ صورتحال دنیا میں متعارف کرانے کی ضرورت ہے،درست امیج اجاگر کرنے سے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ انٹر نیشنل ریٹیل برانڈ ز کی بڑے پیمانے پر آمد متوقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریٹیل ٹریڈ رز سے باہمی مشاورت میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ایک تخمینہ کے مطابق پاکستان کی ریٹیل مارکیٹ کا حجم 152 ارب ڈالرز سے بھی تجاوز کرگیا ہے جو کہ انتہائی خوش آئند ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریٹیل ٹریڈسے تعلق رکھنے والے افراد سے مشاورتی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گورنر سندھ نے  کہا کہ مڈل کلاس ریٹیل ٹریڈ کی سب سے بڑی مارکیٹ ہے، ایک اندازے کے مطابق کراچی کی 75 فیصد آبادی مڈل کلاس سے تعلق رکھتی ہے جہاں ریٹیل ٹریڈ کی بڑی گنجائش ہے، اس ضمن میں انٹر نیشنل ریٹیل برانڈز شہر میں اپنا اپنا برانڈ متعارف کرائیں انہیں توقع سے بڑھ کر نتائج حاصل ہو نگے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی معاشی پالیسی کے باعث اگلے تین برس میں پاکستان کی معیشت بہت تیزی سے ترقی کرے گی جبکہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ اگلے تین برس تک 7 فیصد شرح نمو کا ہدف مکمل کرلیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ستمبر کے آخر میں ہونے والی انٹر نیشنل ریٹیل ٹریڈ کا نفرنس کا انعقاد خو ش آئند ہے جس میں غیر ملکی تجارتی وفود کی شرکت سے پاکستان کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد پاکستان میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے، غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کی استعداد سے بھرپور استفادہ حاصل کر رہے ہیں اس ضمن میں ملٹی نیشنل کمپنیاں بھی پاکستان کو نظر اندا ز نہیں کرسکتی ہیں۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے ریٹیل ٹریڈ کانفرنس کے لوگو کا بھی اجراء کیا اور حکومت کی پالیسیوں کے بارے ٹریڈرز کے سوالات کے جواب بھی دیئے۔

تازہ ترین