• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائداعظم کے رہنمااصول آج بھی سب کیلئے مشعل راہ ہیں، نکولاسٹرجن، شاندار الفاظ میں خراج عقیدت

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) سکاٹش حکومت کی سربراہ فرسٹ منسٹر نکولاسٹرجن نے بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ گلاسگو میں پاکستان ویلفیئر ٹرسٹ کے زیراہتمام یوم آزادی پاکستان پر منعقدہ سالانہ ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے نکولا سٹرجن نے کہا کہ قیام پاکستان سے چند روز قبل اپنی تقریر میں قائداعظم نے نئی ریاست کے لیے جو رہنما اصول پیش کیے تھے ان میں بلاتمیز رنگ و نسل حقوق کی برابری، تحمل اور باہمی عزت و احترام شامل ہیں اور یہ اصول70سال گزرنے کے بعد ہی آج بھی پہلے دن کی طرح سب کے لئے مشعل راہ ہیں۔

نکولا سٹرجن نے کہا کہ دنیا بھر میں جو دہشت گردی کے واقعات ہورہے ہیں ان میں چاہے دائیں بازو کے لوگ ہوں یا بائیں بازو کے، یہ لوگ اکثریت کی ہرگز نمائندگی نہیں کرتے۔ ہم سب مل جل کر نفرت کا پیغام دینے والوں کے خلاف کھڑے ہیں اور ان کو شکست دینی ہے۔ انہوں نے پاکستان اور سکاٹ لینڈ کے درمیان بہترین تعلقات کا ذکر کیا اور کہا کہ وہ پاکستان سے تعلیم کے لئے آنے والی خواتین کیلئے وظائف کا پروگرام جاری رکھیں گی، پاکستان ویلفیئر ٹرسٹ کے صدر ڈاکٹر امتیاز مجید نے کہا کہ جو لوگ اسلام کے نام پر دہشت گردی کی کارروائیاں کررہے ہیں، ان کا اسلام کی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں۔ اسلام امن کا مذہب ہے اور قرآن کے مطابق جو شخص کسی ایک فرد کا ناحق خون کرتا ہے اس نے گویا پوری انسانی کو قتل کیا۔ ڈاکٹر امتیاز مجید نے کہا کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کے ساتھ زیادتیاں ہورہی ہیں۔

کشمیر، برما اور فلسطین میں مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیلی جارہی ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جو ظلم و ستم کررہا ہے۔ بین الاقوامی کمیونٹی ان کا فوری نوٹس لے اور وہاں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق رائے شماری کرائی جائے۔ جنرل سیکرٹری کونسلر شاہد فاروق نے پاکستان ویلفیئر ٹرسٹ کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ٹرسٹ صحت، تعلیم، قانون، امیگریشن اور تجہیز و تکفین کے شعبوں میں اپنے ممبران کی بھرپور مدد کررہا ہے۔ انہوں نے پولیس، کونسل اور فسکل کا تعاون کے لیے شکریہ ادا کیا۔ سکاٹ لینڈ کی پولیس کے سربراہ چیف کانسٹیبل فل گورملے نے کہا کہ وہ معاشرے کے ہر شہری کی حفاظت کے لئے پوری طرح سے پرعزم ہیں اور کسی قسم کی نسل پرستی کو ہرگز برداشت نہ کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ مسلمانوں کی روایات کے مطابق انہوں نے پولیس میں حجاب کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے نسلی اقلیتوں کے افراد کو پولیس فورس میں شامل ہونے کی بھرپور دعوت دی اور کہا کہ انہوں نے خاصی تعداد میں نسلی اقلیتوں کے افراد کو حال ہی میں بھرتی کیا ہے۔ سکاٹ لینڈ میں برطانوی افواج کے سربراہ بریگیڈیئر گیری ریکن نے بھی مسلم نوجوانوں اور نسلی اقلیتوں کے افراد کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں فوج میں شامل ہونے کو کہا۔ جہاں ترقی کے شاندار مواقع ہیں۔

پاکستان ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین محمد اطہر بیگ نے کہا کہ پاکستان ویلفیئر ٹرسٹ جوکہ سکاٹ لینڈ میں پاکستانیوں کی سب سے بڑی تنظیموں میں ایک ہے، نہ صرف پاکستانیوں کی زندگی کے ہر شعبے میں مدد کررہا ہے، بلکہ مقامی کمیونٹی کے ساتھ شاندار تعلقات قائم کرنے میں بھی اس کا اہم کردار ہے اور ہر سال یوم پاکستان کی ہماری تقریب میں سیکڑوں پاکستانیوں کے ساتھ ممبران پارلیمنٹ، کونسلرز، ٹریڈ یونین لیڈرز اور زندگی کے ہر شعبے سے مقامی کمیونٹی کے افراد شریک ہوتے ہیں۔ تقریب سے سکاٹس کنزرویٹو کی ممبر پارلیمنٹ این ویلز، سکاٹش لیبر کے ڈپٹی لیڈر الیگس رولی اور دیگر معززین نے بھی خطاب کیا۔

سکاٹش پولیس بینڈ نے پاکستان اور سکاٹ لینڈ کے قومی ترانے سنائے۔ تقریب کے آخر میں فرسٹ منسٹر نکولا سٹرجن، ڈاکٹر امتیاز مجید، کونسلر شاہد فاروق، مرزا اظہر بیگ اور دیگر نے پاکستان کی آزادی کی خوشی میں کیک کاٹا۔

تازہ ترین