• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کو گلے کا کینسر تشخیص

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ اور این اے 120کے ضمنی انتخاب کے لئے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار کلثوم نواز کو گلے کا کینسر تشخیص ہوا ہے۔ جیو نیوز کو معلوم ہوا ہے کہ بیگم کلثوم نواز کو منگل کی صبح ڈاکٹرز کی ٹیم نے آگاہ کیا کہ انہیں گلے کا کینسر ہے اور وہ بلاتاخیر اس کا علاج کرائیں بیگم کلثوم نواز کا علاج کرنے والے برطانوی ڈاکٹر کے مطابق ان کا کینسر قابل علاج ہے اور علاج بھی پیچیدہ نہیں ہوگا، یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ڈاکٹرز نے ان کے علاج کے متعدد آپشنز پر غور کیا اور اتفاق کیا کہ سرجری اور ریڈی ایشن تھراپی استعمال نہیں کی جائے گی اور کیموتھراپی کے ذریعے مرض کا علاج کیا جاسکتا ہے، جیو نے پیر کی صبح رپورٹ کیا تھا کہ لندن آمد کے بعد کلثوم نواز کے تین میڈیکل چیک اپ ہوئے ہیں اور ان کے بلڈ ٹیسٹ کے رزلٹ اسی ہفتے آنے والے ہیں۔

بلڈ ٹیسٹ کے نتائج دیکھنے کے بعد ڈاکٹرز نے گلے کا کینسر تشخیص کیا، کلثوم نواز17 اگست کو اچانک لاہور سے لندن کے لئے روانہ ہوگئی تھیں۔ نواز شریف کے نااہل ہونے کے بعد قومی اسمبلی کے حلقہ ’این اے 120‘ کے ضمنی انتخاب کے لئے حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کلثوم نواز کو امیدوار نامزد کیا گیا تھا۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کلثوم نواز کی غیر حاضری میں پاکستان مسلم لیگ ن لاہور ان کی انتخابی مہم چلائے گی اور مریم نواز معاونت کریں گی۔ ذرائع کے مطابق پی ایم ایل این روزانہ بنیادوں پر انتخابی مہم چلائے گی اور مریم نواز انتخابی سرگرمیوں کے لئے دستیاب ہوں گی، کلثوم نواز ابتدائی سرگرمیوں میں شامل نہیں ہوں گی تاہم بعد میں وہ الیکشن مہم کو جوائن کریں گی۔ پی ٹی آئی کی یاسمین راشد اس نشست پر کلثوم نوازکی مد مقابل ہیں۔

تازہ ترین