• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امام اعظم ابو حنیفہؒ کی خدمات یاد رکھی جائیں گی، علمائے کرام

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) اہل سنت و الجماعت برطانیہ کے زیراہتمام امام اعظم ابو حنیفہ ؒ کی مذہبی علمی و فقہی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پانچویں سالانہ عظیم الشان امام اعظم ابو حنیفہ کانفرنس مکی مسجد میں انجام پذیر ہوئی۔ میزبانی کے فرائض مولانا قاری اظہار احمد اور مولانا طارق مسعود نے سرانجام دیے۔

کانفرنس میں برطانیہ بھر سے جید و اکابر علماء کرام نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے امام اعظم ابو حنیفہ ؒ کی حالات زندگی سیاست، ریاست، تجارت، اسلام کی ترویج و اشاعت، قیاس و اجتہاد، فقہی مسائل اور مختلف موضوعات پر روشنی ڈالتے ہوئے عوام الناس میں اپنے اسلاف اور محسنین کے بارے میں شعور و آگہی بیدار کرنے کی سعی جمیلہ کی۔ اس موقع پر مولانا عطا ء اللہ خان، مولانا مفتی عبدالوہاب، مولانا مفتی خالد محمود، مولانا مفتی ابراہیم، مولانا شاہ عبد العزیز، مولانا سکندر اقبال، مولانا عمیر نثار، مولانا بلال خان، مولانا قاری تصورالحق مدنی، مولانا اکرام الحق خیری، مولانا محمد امداد اللہ قاسمی، قاری لیاقت حسین عثمانی، مولانا محمد قاسم، قاری فضل خالق اور دیگر نے خصوصی خطابات کرتے ہوئے کہا کہ امام اعظم ابو حنیفہ ؒ کی دین اسلام کے لیے گراں قدر خدمات کو تا قیامت یاد رکھا جائے گا۔

آپؒ نے قرآن و سنت کی رہنمائی لیتے ہوئے دین کو امت مسلمہ کے لیے باآسانی سمجھنے کی بھرپور کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ امام اعظم ابو حنیفہ ؒ انکے شاگردوں اور ان جیسے اسلاف کی بدولت آج 14 سو سال کے بعد بھی دین اسلام اپنی اصلی حالت میں ہمارے پاس موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپؒ نے قرآن اور سنت کو سرفہرست رکھتے ہوئے فقہی مسائل کے زریعہ سے امت مسلمہ کو رہنمائی بخشی آج دنیا کے کونے کونے میں حنفی مسلک سے تعلق رکھنے والے موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امام اعظم ابو حنیفہ کی تعلیمات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں جو قرآن اور احادیث نبوی ﷺ کو سمجھنے اور ان پر عمل پہرا ہونے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ امام اعظم ابو حنیفہ ؒ سے محبت و عقیدت کا محض دعویٰ ہی نہیں بلکہ ان کی فکر و سوچ اور نظریات پر اپنی زندگیا ں بسر کرنے کی ضرورت ہے۔ اس عظیم الشان کانفرنس کے اختتام پر اتحاد امت مسلمہ اور امام اعظم ابو حنیفہ ؒ کے بلندی درجات کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

تازہ ترین