• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مختلف شہروں میں گرج چمک کیساتھ موسلا دھار بارش

کوٹری+میر پورخاص+عمر کوٹ(نامہ نگاران ) مختلف شہروں میں بادلوں کا راج  رہا اور  گرج چمک کیساتھ موسلا دھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ طوفانی  ہوائوں نے متعدد درختوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا  ،مضافاتی علاقوں میں درجنوں کچے مکانات اور جھونپڑیاں مہندم ہو گئیں۔تفصیلات کے مطابق کوٹری۔میں  زور دار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیاہے ۔گرج چمک کے ساتھ ہونے والی حالیہ بارشوں کے نتیجے میں تمام نشیبی علاقے زیر آب آگئے ،مضافاتی علاقوں میں درجنوں کچے مقامات اور جھونپڑیاں مہندم ہوگئیں بارشوں کے نتیجے میں بلدیہ کوٹری کے ان دعوؤں کی بھی قلعی کھل گئی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ بارشوں سے متوقع تباہ کاری اور نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کے لیے ایک ماسٹر پلان تشکیل دیا گیا ہے لیکن معاملہ اس کے بالکل برعکس رہا۔ جگہ جگہ پانی کھڑا ہے جسے تاحال نہیں نکالا  جاسکا جبکہ حیسکو کی ناقص کارکردگی کا عالم یہ ہے کہ بارش کے دوران بجلی کی طویل بندش نے شہری زندگی کو مفلوج کرکے رکھ دیا ہے جس کے نتیجے میں لوگوں کو شدید تکالیف کا سامنا ہے جبکہ مویشی منڈیوں میں متعدد جانوروں کی حالت بھی غیر ہوگئی ہے۔ میر پور خاص۔اور گرد ونواح میں ہونے والی موسلا دھار بارش کے بعد موسم خوشگوار ہونے کے بجائے  مزید گرم ہو گیا۔

شدید گرمی اور حبس نے پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیاہے۔منگل کوصبح ہی سےسورج بادلوں کی اوٹ میں چھپے رہنے  کے باوجود شہری سخت حبس سے دوچار رہے  جبکہ بجلی کی وقفہ وقفہ سے معطلی نے اس صورت حال کو مزید گمبھیر بنا کررکھ دیا تھا۔بدترین گرمی اور حبس کے باعث بازاروں اور سڑکوں پر بھی صبح ہی سے سناٹا چھایا رہا۔دفتروں میں بھی ملازمین اور سائلین کی حاضری قدرے کم رہی۔گرمی سے متاثرہ ایک درجن سے زیادہ افراد کو سول اسپتال لایا گیا۔عمرکوٹ ۔

اور گرد و نواح  میں تیز موسلا دھار بارش ہوئی جس کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہو گیا تاہم نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا۔  بارش سے شہر میں گندگی میں بہت اضافہ ہو گیا ہے۔ بارش اور گٹروں کے پانی نے   روڈوں پر تالاب کی صورت اختیار کرلی ہے جس کی وجہ سے ٹریفک اور عوام کا روڈوں پر چلنا مشکل  اور کاروبار ٹھپ ہو گیا ہے۔سجاول۔ میں تیز ہواؤں کے ساتھ اچانک طوفانی بارش سے موسم میں غیر معمولی تبدیلی آ گئی اور موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ قیامت خیز سخت گرمی کے بعد تیز رفتار بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا۔ علاوہ ازیں ضلع سجاول کے گرد ونواح جاتی ، چوہڑ جمالی ، دڑو ، میرپور بٹھورو ، بیلو اور دیگر علاقوں میں سیکڑوں کی تعداد میں کچے مکانات کی چھتیں تیز ہوا کے باعث اڑ گئیں۔

پولٹری فارمز میں موجود مرغیاں لاکھوں کی تعداد میں مرنے کے ساتھ ہزاروں ایکڑ پر مشتمل زرعی کاشت جس میں ٹماٹر ، کپاس ، کیلا اور سبزیوں کی فصلیں بھی متاثر ہوئی ہیں ـ دوسری جانب ضلع سجاول کے کسی بھی علاقے میں جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ، جبکہ ضلعی انتظامیہ کسی بھی پیشگی اقدام یا امدادکے لئے منظر سے غائب رہی ۔ـٹنڈو جان محمد۔گزشتہ روز اچانک تیز بارش شروع ہوگئی ساتھ ہی طوفانی ہوا بھی جاری رہی جس کے باعث  متعدد درخت جڑ سے اکھڑ کر زمین پر گر پڑے ۔ ٹنڈو جان مد شہر کی گلیاں نہروں کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ بارش سے لوگوں کے چہرے خوشی سے دمک اٹھے ہیں لوگوں کا کہنا ہے کہ اب نہری پانی کی کمی دور ہو جائے گی۔

تازہ ترین