• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرفراز بطور کپتان مصباح کا مشن جاری رکھنے کیلئے پرعزم

لاہور( جنگ نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ انہوں نے تینوں فار میٹ کی کپتانی کا سوچا بھی نہیں تھا، تینوں فارمیٹس کے کپتان بن کر سمجھتے ہیں کہ ایک خواب پورا ہوا ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ توقعات کے مطابق بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی کو بھی مایوس نہیں کریں گے کیونکہ کپتان کی حیثیت سے ابھی ان کے کیریئر کا آغاز ہے اور انہیں بخوبی علم ہے کہ انہیں ابھی کئی سخت اور مشکل چیلنجز کا سامنا کرنا ہوگا، ایک انٹرویو میں قومی کپتان مصباح الحق کے مشن کو جاری رکھنا بہت بڑی کامیابی ہوگی۔ سابق کپتان کے ماتحت کھیل کر بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، اولین مقصد یہی ہے کہ ان کے کام کو آگے بڑھایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ مصباح الحق نے جس انداز سے پاکستان کی قیادت کی اس کیلئے انہیں کسی بھی طرح خراج تحسین پیش کرنا ناکافی ہوگا کیونکہ 2010 میں انہوں نے جن حالات میں قیادت سنبھالی اور پھر اس ٹیم کو جس کامیابی کی راہ پر گامزن کیا اسے مثالی اور عالمی نمبر ایک بننے کو معجزہ کہا جا سکتا ہے ۔ سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی جو بھی کرکٹ مصباح الحق کے ماتحت کھیلی ان سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا کہ وہ سیشنز کے اعتبار سے حالات کو کس طرح قابو کیا کرتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ بھی اپنے دور قیادت کو مصباح الحق کے انداز سے آگے بڑھانا چاہتے ہیں اور ان کا مقصد یہی ہے کہ سابق کپتان اس ٹیم کو جہاں چھوڑ کر گئے ہیں اسی کام کو آگے لے جائیں کیونکہ اگر وہ مصباح الحق کے مشن کو آگے لے جانے میں کامیاب رہے تو یہ ان کیلئے بہت بڑی کامیابی ہوگی اور ان سے جو کچھ بھی سیکھا اس کا حق ادا ہو جائے گا۔

تازہ ترین