• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فکسنگ کیس، خالد لطیف نے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا

لاہور(جنگ نیوز) اسپاٹ فکسنگ میں مبینہ طور پر ملوث کرکٹر خالد لطیف نے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔معطل کرکٹر خالد لطیف کے وکیل بدر عالم کا کہنا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی جب کہ جلد سماعت کی بھی درخواست کی گئی ہے۔ خالد لطیف کے وکیل کے مطابق پی سی بی کے اینٹی کرپشن ٹریبونل کی کارروائی پر اعتراض ہے جس نے غیرآئینی اور غیرقانونی سماعت کی جب کہ ٹریبونل کو تحریری جواب ارسال کردیا گیا ہے۔

وکیل کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن ٹریبونل کو خالد لطیف کا تحریری جواب بدھ کو مل جائے گا اور بذریعہ ای میل بھی اطلاع کر رہے ہیں۔ خیال رہے کہ 31 مارچ کو پی سی بی کے ٹریبونل نے خالد لطیف پر باقاعدہ فرد جرم عائد کرتے ہوئے انہیں بتایا کہ انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن کوڈ کی 6 شقوں کی خلاف ورزی کی ہے۔پی سی بی کی جانب سے ملنے والی چارج شیٹ کا وکیل کے ذریعے جواب دیتے ہوئے خالد لطیف نے میچ فکسڈ کرنے ، پیسے لینے اور میچ میں سودی بازی کے الزام کو مسترد کیا البتہ بکیز سے رابطہ کرنے پر ٹیم مینجمنٹ کو آگاہ نہ کرنے کی غلطی کا اعتراف کیا تھا۔

تازہ ترین