• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نازیبا کلمات پر جیفری بائیکاٹ نے معذرت کرلی

لندن (اسپورٹس ڈیسک) ویسٹ انڈیز کرکٹرز کے خلاف نازیبا کلمات کہنے والے سابق انگلش کرکٹر جیفری بائیکاٹ نے معافی مانگ لی ہے۔ انہوں نے ٹیسٹ کے دوران تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے سر کا خطاب حاصل کرنے کیلیے شاید اپنے چہرے پر سیاہ رنگ کرنا ہوگا۔ انہوں نے یہ طنز انگلینڈ کے خلاف ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کی انتہائی مایوس کن کارکردگی کے پیش نظر کیا تھا۔

اس تبصرے پر سابق کیریبین لیجنڈری کرکٹرز نے برا منایا تھا، جس پر انہوں نے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ میرے عظیم ویسٹ انڈین کرکٹرز ویوین رچرڈز، سرگیری سوبرز،کرٹلی امبروز و دیگر سے اچھے دوستانہ مراسم ہیں، میرا ہرگز مطلب کسی کا دل دکھانا نہیں تھا۔ خیال رہے کہ بائیکاٹ کی انگلش کرکٹ کیلئے گراں قدر خدمات ہیں لیکن انہیں 1982 میں جنوبی افریقا کے دورے کی پاداش میں نائٹ ہڈ کے اعزاز سے نہیں نوازا گیا تھا۔جنوبی افریقا میں نسلی امتیاز کی پالیسی کے بنیاد پر پابندی عائد تھی وہ  دورہ کرنے والوں کو  بعد میں باغی کرکٹرز قرار دیا گیا تھا۔ 

تازہ ترین