• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پا کستا نی کر کٹر زکا دم خم جا نچنے کے لیے فٹنس ٹیسٹ کا آغا ز

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مستقبل قریب میں ہونے والے انٹرنیشنل مقابلوں کے لئے قومی کر کٹرز کی  فٹنس مہارت کو پرکھنے کے لئے جامع فٹنس ٹیسٹ منگل سے قومی کرکٹ اکیڈمی لاہور میں شروع ہوگئے، ہیڈ کوچ مکی آ رتھر ان ٹیسٹ کی نگرانی کررہے ہیں، ٹیسٹ تین روز تک لئے جائیں گے جس کے بعد غیر ملکی لیگز کھیلنے والے کر کٹرز کو  واپس جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔  فٹنس ٹیسٹ میں کھلاڑیوں کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا، جس میں  محمد رضوان پہلے نمبر پر رہے، اصغر خان اور اسد شفیق مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر رہے۔اس دوران کھلاڑیوں کے یویو ٹیسٹ بھی لیے جائیں گے،کرکٹ میں اب  طوفانی بیٹنگ اور بولنگ کافی نہیں، فٹنس معیارسے پھرتی دکھنا بھی اہمیت کا حامل ہے۔ اچھی فٹنس کے لیے یویو ٹیسٹ سب سے مشکل سمجھا جاتا ہے۔ یویو ٹیسٹ میں ٹرینر گراؤنڈ پر مخصوص نشان لگا کر کرکٹرز کی رننگ کو مختلف اسپیڈ سے جانچتے ہیں۔

وِسل یا پھر میوزک کی مدد سے راؤنڈ اور رفتار کو بدلا جاتا ہے۔ ہر ملک میں یویو ٹیسٹ کا معیار مختلف ہے۔ آسٹریلیا اور انگلینڈ میں 21 جبکہ پاکستان میں 16 سے 18 تک مقرر کیا گیا ہے۔ پہلے سے آخری راؤنڈ تک کی دوڑ اور پھر اس کے بعد کھلاڑی کا اسٹیمنا، بس اسی کی بنیاد پر الگ الگ اسکورنگ ہوتی ہے،ٹیسٹ کے دوران کھلاڑیوں کی مکمل میڈیکل اسکریننگ بھی ہو گی جس میں آنکھوں کے ٹیسٹ بھی ہوں گے ۔ صرف یہی نہیں کھلاڑیوں کے انفرادی فیلڈنگ ٹیسٹ اور آخری دن بیٹنگ اور بولنگ کے سیشنز بھی رکھے گئے ہیں ۔ فٹنس ٹیسٹ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل تمام 35 کھلاڑی شریک ہیں۔ ان میں وہ کرکٹرز بھی شامل ہیں جو کاؤنٹی اور کیریبئن لیگ کھیل رہے تھے لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ نے انھیں فوری طور پر لاہور طلب کر لیا تھا تاہم اب یہ کرکٹرز فٹنس ٹیسٹ دینے کے بعد دوبارہ کاؤنٹی اور کیریبئن لیگ کھیلنے روانہ ہوجائیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، لیگ اسپنر یاسر شاہ، فاسٹ بولرز جنید خان اور محمد عامر کا کاؤنٹی کرکٹ میں معاہدہ ہے۔ اوپنر فخر زمان نے بھی سمرسٹ کاؤنٹی سے کھیلنے کا معاہدہ کیا تھا لیکن وہ یہ سیزن نہیں کھیل سکے۔ کیریبئن لیگ کھیلنے والے سینٹرل کنٹریکٹ کرکٹرز میں محمد حفیظ، شعیب ملک، عماد وسیم، حسن علی، وہاب ریاض، بابر اعظم اور شاداب خان شامل ہیں۔ تین دیگر کرکٹرز محمد سمیع، سہیل تنویر اور کامران اکمل بھی کیریبئن لیگ کھیل رہے ہیں لیکن وہ سینٹرل کنٹریکٹ کا حصہ نہیں ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ابھی تک ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کی تاریخوں کا اعلان نہیں کیا ہے لیکن امکان یہی ہے کہ یہ دورہ 12 سے 15 ستمبر تک ہوگا جس میں ورلڈ الیون لاہور میں چار ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی ۔

تازہ ترین