• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مخدوش و خطرناک عمارتوں کو فوری خالی کردیاجائے، ایس بی سی اے

کراچی ( اسٹاف رپورٹر  ) حالیہ شدید بارشوں کے پیش نظرسندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے ایک بار پھر مخدوش وخطرناک قراردی گئی عمارتوں کے مکینوں کوخبردار کیاہے کہ قیمتی انسانی جانوں اور مالی نقصان کے تحفظ کیلئے ان عمارتوں کوفی الفورخالی کردیاجائے، ایسی عمارتوں پرانہدامی عمل کے لئے ایس بی سی اے کی جانب سے مکمل مددفراہم کی جائے گی، عمارتی حادثے کی صورت میں شہری ایس بی سی اے کے رین ایمرجنسی سینٹرپررابطہ کریں، جبکہ ڈائریکٹرجنرل آغامقصودعباس کی ہدایات پر ڈیمالیشن اسکواڈ نے شہر کے مختلف علاقوں میں غیرقانونی تعمیرات کومنہدم وسربمہرکردیا، ماہرتعمیرات اورانجینئرز پرمشتمل ایس بی سی اے کی ٹیکنیکل کمیٹی برائے خطرناک عمارات کے مطابق  کراچی میں 339اور سندھ کے دیگرریجنز میں 98 کی تعدادمیں خطرناک عمارتیں موجود ہیں ۔

ایس بی سی اے نے ایسی عمارتوں کے مکینوں  اوراستعمال کنندگان کوخبردارکیاہے کہ قیمتی انسانی جانوں اور مالی نقصان سے تحفظ کے لئے ان عمارتوں کوفوری خالی کردیاجائے۔ ماہرین کے مطابق خستہ حال عمارتوں کے اچانک زمین بوس ہونے کے حادثے سمیت تعمیرات کی اندرونی سطح پر مسلسل پانی کے رسائو اورنمی سے کرنٹ لگنے اور شارٹ سرکٹ کے سبب آگ لگنے کے واقعات کابھی خدشہ ہے اس سلسلے میں ایس بی سی اے کی جانب سے یوٹیلٹی محکموں کوکنکشن منقطع کرنے کے لئے پہلے ہی درخواست کی جاچکی ہے، ڈائریکٹر جنرل آغامقصودعباس کی ہدایات پر مون سون بارشوں کے پیش نظر محکمے میں تقریبا 2ماہ سے ایمرجنسی سینٹرقائم ہے، شہری ہنگامی حالات میں کسی عمارتی حادثے کی صورت میں ایمرجنسی سینٹر کے فون نمبر021-99232354پر اطلاع دے سکتے ہیں۔

تازہ ترین