• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف نے اسمبلی نہ آنے کا انجا م بھگت لیا خور شید شا ہ

اسلام آباد(نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں)قومی اسمبلی  میں منگل کے روز وزراءاورارکان کی غیرحاضری پر اپوزیشن لیڈرسیدخورشیدشاہ نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کڑی تنقید کا نشانہ بنایااورکہاکہ سابق وزیراعظم نوازشریف نے اسمبلی نہ آنے کا نتیجہ بھگت لیا‘کورم دیکھ کر شرم آتی ہے‘  لوگ بلوچستان اورکے پی کے سے آگئے ہیں کیا یہ لوگ جی ٹی روڈسے نہیں آسکتے ‘اپنا ایک وزیراعظم نااہل کروانے کے باوجودیہ ہوش کے ناخن نہیں لے رہے‘ اسپیکر کوچاہئے کہ وہ دیر سے آنے والے وزراءکو کرسی پر کھڑاکردیں۔

خورشید شاہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہماراانتخابی نظام بہت کمزور ہے اسلئے انتخابی اصلاحات کابل بہت اہم ہے لیکن حکومت کا غیرسنجیدہ رویہ دیکھیں، وزراء کی کرسیاں خالی پڑی ہیں،‘ میں نے کل وزیر اعظم  سے بھی بات کی تھی، خالی ایوان سے آپ قوم کو کیاپیغام دے رہے ہیں۔ میں چیختاہوں کہ پارلیمنٹ کو اہمیت دو، جو لیڈر ایوان میں نہیں آتا اسے پارلیمنٹ اور جمہوریت کی بالادستی کی باتیں کرنے کاکوئی حق نہیں ۔

انہوں نے اسپیکر سے کہا کہ آپ تعداددیکھیں اپوزیشن ممبران کی تعداد حکومتی ممبران سے زیادہ ہے۔ حکومت کے53 وزیرہیں لیکن وہ ایوان میں آنے کیلئے نہیں ہیں۔  اپوزیشن کے بعض ممبران نے شیم شیم کانعرہ بھی لگایا۔خورشید شاہ نے کہاکہ نوازشریف کو کتنی مرتبہ کہاکہ یہاں آئو سب کچھ ملے گا وہ نہیں آیا تو نتیجہ دیکھ لیا۔ کل وزیراعظم ایوان میں آئے توممبران نے ان سے ملاقاتیں کیں۔

لوٹوں کے کام ہوجاتے ہیں یہاں جو وزیربیٹھے ہیں ان سے کسی کاکام نہیں پڑتا جن سے لوٹوں کے کام ہوتے ہیں وہ ایوان میں نہیں آتے۔انہوں نے اسپیکرکو مخاطب ہوکرکہاکہ چیئرمین سینٹ ہلتے ہیں تو یہ آجاتے ہیں آپ بھی دوتین وزیروں کیخلاف کارروائی کریں۔ ہم اسکول میں دیرسے جاتےتھے تواستاد کھڑا کردیتاتھا آپ بھی وزیروں کوکرسی پر کھڑاکردیں۔ دوتین کونکال دیں۔ ممبران نے ڈیسک بجائے توخورشید شاہ نے کہا کہ میں تالیاں بجوانے کیلئے ایسانہیں کہہ رہابلکہ میرادل دکھ رہاہے۔

تازہ ترین