• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ عسکری جماعتوں کا سیاسی ونگ ہے،ایم ڈبلیوایم،سنی اتحاد کونسل،جے یو پی

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار,خصوصی نمائندہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان،سنی اتحاد کونسل ،جمیعت علمائے پاکستان(نیازی) نے الزام لگایا ہے کہ ن لیگ در حقیقت عسکری جماعتوں کا سیاسی ونگ ہے ،رانا ثنا اللہ اور شہباز شریف کے کالعدم مذہبی جماعتوں سے رابطے ہیں،شریف خاندان کے تمام افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں۔  نواز شریف کا انجام جیل ہے انہیں بھاگنے نہیں دیا جائے گا۔ان کے محل کا گھیراؤ کیا جائے گا۔سانحہ راولپنڈی کے پس پردہ تمام چہروں کو بے نقاب کیا جانا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین  کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ، سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا، جمیعت علمائے پاکستان(نیازی)کے رہنما پیر معصوم نقوی اور دیگر شیعہ سنی علما نے گزشتہ روز مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا، علامہ ناصر عباس  نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کے خلاف سانحہ عاشور کی درج ایف آئی آر کو فورا خارج کیا جائے۔رانا ثنا اللہ اور شہباز شریف کے حکم پر ہمارے بے گناہ لوگوں کو گھروں سے اٹھایا گیا۔

چادر چار دیوار ی کا تقدس پامال کیا گیا ۔ رانا ثنا اللہ اور شہباز شریف کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نا اہل ہو چکے ہیں۔نیب کے سامنے پیش ہونے سے انکار قانون و آئین کی پامالی ہے جو شخص جے آئی ٹی اور سپریم کورٹ کی تضحیک کرتا ہے وہ قانون کی بالادستی پر قطعی یقین نہیں رکھتا۔ہائی کورٹ پر وکلا کا حملہ قابل مذمت ہے۔

سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ اس سازش کو آشکار کرنے پر ہم پاک فوج کے مشکور ہیں۔ سانحہ عاشور کے اسیروں کی مشکلات کا ازالہ کیا جائے۔جمعیت علمائے پاکستان (نیازی) کے رہنما سید معصوم نقوی نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت و بقا کی جنگ شیعہ سنی مشترکہ طورپر لڑ رہے ہیں۔شیعہ سنی اتحاد میں دنیا کی کوئی طاقت رخنہ نہیں ڈال سکتی۔ 

تازہ ترین