• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹینڈرڈزاینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کا گھی فیکٹری پر چھاپہ، سیل کردی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرل اتھارٹی (پی ایس کیو سی اے) کے ڈائریکٹر جنرل انجینئرمحمد خالد صدیق کی خصوصی ہدایت پر اتھارٹی کی ٹیم نے کورنگی انڈسٹریل ایریا کراچی میں کوکنگ آئل بنانے والی ایک اور فیکٹری پر چھاپہ مار کر سیل کردیا ، فیکٹری میں 6مختلف برانڈ کے بناسپتی اور کوکنگ آئل غیر قانونی طور پر بنائے جارہے تھے۔

اعلامیہ کے مطابق کورنگی انڈسٹریل ایریا کراچی میں واقع چمبا آئل ملز کو سیل کردیا گیا فیکٹری مالک کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔پی ایس کیو سی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئر سید انو راقبال کی سر براہی میں اتھارٹی کی ٹیم نے جعلی گھی فیکٹری سیل کردی۔ کورنگی انڈسٹریل ایریا کراچی میں واقع چمبا آئل ملزسے جن برانڈ کو پکڑا گیا ان میں چاند سورج بناسپتی، درہ خیبر بناسپتی ، گوگو بناسپتی، شیر پنجاب بناسپتی ، چمبا بناسپتی اور گوگو کوکنگ آئل شامل ہیں۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اشیاء خوردونوش بنانے والی تمام فیکٹریوں کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ اپنی اشیاء کو پاکستان اسٹینڈڈرزکے مطابق تیا ر کریں خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ خلاف ورزی کی صورت میں مالکان کو قیدوبند کی سزا اور بھاری جرمانہ بھی ہوسکتا ہے۔

تازہ ترین