• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نو سیاسی جماعتوں کا با ئیکاٹ، متحدہ کی آل پارٹیز کا نفرنس ناکام

Todays Print

کراچی (اسٹاف رپورٹر/مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کی 9اہم سیاسی جماعتوں کی جانب سے بائیکاٹ کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کی آل پارٹیزکانفرنس ناکام ہوگئی ‘ایم کیو ایم (پاکستان ) کے سربراہ ڈاکٹرفاروق ستارکا کہنا ہے کہ اے پی سی کا بائیکاٹ کرنے والی جماعتوں نے قوم پرچم جلانے والوں کے ایجنڈے کو تقویت بخشی ہے۔ ایم کیو ایم نے منگل کو مقامی ہوٹل میں کثیر الجماعتی کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کیا تھا تاہم پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، جماعت اسلامی، عوامی نیشنل پارٹی، مسلم لیگ (ن)، (ق) لیگ، جے یو آئی (ف)، پاکستان عوامی تحریک، مسلم لیگ فنکشنل سمیت سندھ کی قوم پرست جماعتوں نے اے پی سی میں شرکت سے انکار کردیاجس کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کے سر براہ  ڈاکٹر فاروق ستار کی زیر صدارت پارٹی کے اجلاس میں کثیر الجماعتی کانفرنس ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ایم کیو ایم کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کثیر الجماعتی کانفرنس کی نئی تاریخ کا اعلان جلد کردیا جائے گا‘بعد میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا ہے کہ ہماری کانفرنس کا بائیکاٹ کرنے والی پیپلزپارٹی ،تحریک انصاف ،جماعت اسلامی اور دیگر جماعتوںنے لندن اور قومی پرچم جلانے والوں کے ایجنڈے کو تقویت بخشی ہے ۔آصف زرداری ،نوا ز شریف ،اسفندیار ولی ،عمران خان اور دیگر جماعتوں کی قیادت نے قومی پرچم نذر آتش کرنے والوں کے خلاف بیان کیوں نہیں دیا ۔ہمیں کسی سے حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ لینے کی کسی سے ضرورت نہیں اور نہ ہی مہاجر قوم کو مدد کے لیے نریندر مودی کی ضرورت ہے ۔

فاروق ستار کو مصطفی کمال اور آفاق احمد سے بات چیت کے لیے کسی کانفرنس کی ضرورت نہیں‘آج کی کانفرنس کسی مہاجر اتحاد نہیں بلکہ پاکستان مخالف سازشیں کرنے والوں کے خلاف تھی ۔ایم کیو ایم (پاکستان) پی ایس پی اور مہاجر قومی موومنٹ کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ جاری رکھے گی  اور پرویز مشرف سمیت تمام جماعتوں کے ساتھ مفاہمتی عمل جاری رکھیں گے۔ کوئی خوش فہمی میں نہ رہے کراچی کا ووٹ بینک تقسیم نہیں ہوا‘آج کی قومی کانفرنس کا بائیکاٹ کرنے والی جماعتوں کا کراچی سمیت سندھ کے عوام بائیکاٹ کردیں گے‘بانی ایم کیو ایم امریکی سینیٹر اور دیگر کے ساتھ مل کر پاکستان کی سالمیت کے خلاف سازش کررہے ہیں‘آج کے بعد اگر کسی نے ہماری حب الوطنی پر سوال اٹھایاتو اسے پاکستان دشمن سمجھوں گا ‘ ایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ اب انصاف ہونا چاہیے‘ مقتول ہماری صفوں میں ملیں گے لیکن انشاء اللہ قاتل نہیں ملیں گے ‘انہوں نے  پی ایس پی ، مہاجر قومی موومنٹ حقیقی ، مہاجر اتحاد تحریک ، پی ایم ایل ، آل پاکستان مسلم لیگ ، پی ڈی پی ، جے یو آئی سمیع الحق ، مجلس وحدت المسلمین  ، پرویز علی شاہ، مہاجر رابطہ کونسل ، خاکسار تحریک کے رہنمائوں کا کانفرنس میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

تازہ ترین