• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فارن فنڈنگ کیس پی ٹی آئی کی کاروائی روکنے کی در خواست مسترد

Todays Print

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف کے خلاف فارن فنڈنگ کیس کی کارروائی روکنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے 28 اگست تک فریقین سے جواب طلب کر لیا، الیکشن کمیشن نے 7 ستمبر تک مالی حسابات پیش نہ کرنے کی صورت میں پی ٹی آئی  کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا حکم نامہ سنایا تھا، تحریک انصاف نے اس حکم نامے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔

گزشتہ روز جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی تو تحریک انصاف کی جانب سے انور منصور ایڈووکیٹ نے کہا کہ فارن فنڈنگ کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیر التواءہے ، ہم نے الیکشن کمیشن میں بھی کارروائی روکنے کی درخواست دائر کی ہے، اس پر جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ فارن فنڈنگ کے حوالے سے معاملہ سپریم کورٹ میں زیر التواءہے ، مناسب ہو گا کہ آپ اس حوالے سے عدالت عظمیٰ سے رجوع کریں ، ہم کس طرح اس معاملے میں کوئی حکم جاری کر سکتے ہیں۔ اس پر  انور منصور نے کہا کہ تعطیلات کی وجہ سے سپریم کورٹ میں متعلقہ بنچ دستیاب نہیں ، الیکشن کمیشن نے 7 ستمبر تک مالی حسابات پیش کرنے کا حتمی نوٹس بھیجا ہے لہٰذا کارروائی روکنے کا حکم دیا جائے۔

اس پر فاضل جسٹس نے اکبر ایس بابر سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 28 اگست تک ملتوی کر دی۔ دریں اثناء اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کی کارروائی رکوانے کے لئے تحریک انصاف کی یہ چوتھی کوشش ہے۔قبل ازیں الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی پارٹی فنڈز کی تفصیلات طلب کرنے سے متعلق تحریری فیصلہ جاری کر دیا جس  میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی پارٹی فنڈز سے متعلق حنیف عباسی کی سپریم کورٹ میں درخواست کی سماعت اگست میں شروع ہوئی، الیکشن کمیشن میں پارٹی فنڈنگ سے متعلق کیس 2014 سے زیر سماعت ہے، سپریم کورٹ نے کاروائی سے روکنے کے لئے حکم امتناعی جاری نہیں کیا،الیکشن کمیشن پارٹی فنڈنگ میں سماعت پر کارروائی نہیں روک سکتا،  پی ٹی آئی الیکشن کمیشن کے یکم اپریل 2015 اور یکم دسمبر 2016 کے حکم نامہ کے تحت فنڈنگ تفصیلات مہیا کرے، پی ٹی آئی کو آخری موقع دیا جاتا ہے، 7 ستمبر تک اکاؤنٹس اور فنڈنگ سے متعلق تفصیلات مہیا کرے، تفصیلات فراہم نہ کرنے پر  قانون کے مطابق فیصلہ سنائینگے۔

تازہ ترین