• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان اور پاکستان مذاکرات کے ذریعے ہی مسائل کا حل ڈھونڈ سکتے ہیں ،ترجمان پاک فوج

Todays Print

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ ا فغانستان اور پاکستان مذاکرات کے ذریعے ہی تمام مسائل کا حل ڈھونڈ سکتے ہیں ،سرحدی میکنزم کا مقصد صرف اور صرف دہشتگردوں کو دونوں ممالک میں داخل ہونے سے روکنا ہے،سرحدیں بند کر نا اچھا اقدام نہیں ہے اور نہ ہی مسائل کا حل ہے ایسے فیصلوں سے پاکستان کو بھی نقصان ہوتا ہے،افغانستان کو اس پر تحفظات ہیں تو ہمیں بتایا جائے کہ تیسرا راستہ کونسا ہے جس سے غیر قانونی آمدورفت روکی جاسکے ،  حقانی نیٹ ورک کے بارے میں پاکستان کی حمایت کا تاثر مضحکہ خیز ہے۔گزشتہ روز آئی ایس پی آر کا دورہ کرنیوالے افغان صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئےڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے  کہا کہ افغانستان رضا مندہو تو سرحد پر پاکستانی سائیڈ کی طرح افغان سائیڈ پر بھی باڑ اور قلعے لگانے کو تیار ہیں ، بھارت ٹی ٹی پی کو پاکستان کے خلاف استعمال کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں منفی چیزوں کی بجائے مثبت چیزوں پر توجہ دینی چاہیے ،میں نے کبھی بھی بحیثیت فوجی ترجمان افغان فوج یا افغان حکومت کے خلاف بیان نہیں دیا ہے ، میڈیا کو دونوں ممالک کے درمیان پل کا کر دار ادا کر ناچاہیے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کبھی بھی افغان حکومت یا فوج پر پاکستانی دہشتگردوں کی حمایت کا الزام نہیں لگایا ، افغان حکومت نے پاکستان کو جن 64مطلوب افراد کی فہرست دی تھی اس میں شامل حقانی نیٹ ورک کے سات ارکان افغانستان میں مارے گئے ہیں ۔

تازہ ترین