• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کلثوم نواز کو گلے کا کینسر ، حمزہ لندن روانہ، مریم انتخابی مہم چلائیں گی

Todays Print

لندن / لاہور ( نمائندہ جنگ / نیوز ایجنسیز) سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ اور این اے 120 کے ضمنی انتخاب کیلئے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار کلثوم نواز کو گلے کا کینسر تشخیص ہوا ہےتاہم ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کا مرض قابل علاج ہے اور مشورہ دیا ہے کہ بلاتاخیر علاج کرایا جائے ، ڈاکٹروں نے علاج کیلئے متعدد آپشنز پر غور کیا ۔ ادھر حمزہ شہباز اپنی فیملی کےساتھ لندن روانہ ہوگئے اور اب انتخابی مہم مریم نواز چلائیں گی ۔ حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ ہے کہ کلثوم نواز والدہ کی طرح ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ اور این اے 120 کے ضمنی انتخاب کے لیے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار کلثوم نواز کو گلے کا کینسر تشخیص ہوا ہے۔ جیو نیوزکومعلوم ہواہے کہ بیگم کلثوم نوازکومنگل کی صبح ڈاکٹرزکی ٹیم نے آگاہ کیا کہ انہیں گلے کاکینسر ہے اوروہ بلاتاخیر اسکاعلاج کرائیں بیگم کلثوم نوازکاعلاج کرنے والے برطانوی ڈاکٹرکے مطابق انکاکینسرقابل علاج ہے اورعلاج بھی پیچیدہ نہیں ہوگا،یہ بھی معلوم ہواہے کہ ڈاکٹرز نےان کے علاج کے متعددآپشنز پر غورکیااور اتفاق کیا کہ سرجری اور ریڈی ایشن تھراپی استعمال نہیں کی جائیگی اور کیموتھراپی کے ذریعے مرض کا علاج کیا جا سکتا ہے، جیونے پیرکی صبح رپورٹ کیا تھا کہ لندن آمد کے بعد کلثوم نواز کے تین میڈیکل چیک اپ ہوئے ہیں اور انکے بلڈ ٹیسٹ کے رزلٹ اسی ہفتے آنےوالے ہیں۔ بلڈ ٹیسٹ کے نتائج دیکھنے کے بعد ڈاکٹرزنے گلے کاکینسرتشخیص کیا ، کلثوم نواز 17 اگست کو اچانک لاہور سے لندن کے لیے روانہ ہوگئی تھیں۔ نواز شریف کے نااہل ہونے کے بعد قومی اسمبلی کے حلقہ ’این اے 120‘ کے ضمنی انتخاب کے لیے حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کلثوم نواز کو امیدوار نامزد کیا گیا تھا۔ذرائع سے معلوم ہواہے کلثوم نوازکی غیرحاضری میں پاکستان مسلم لیگ ن لاہورانکی انتخابی مہم چلائے گی اور مریم نوازمعاونت کریں گی۔ذرائع کے مطابق پی ایم ایل این روزانہ بنیادوں پر انتخابی مہم چلائے گی اور مریم نوازانتخابی سرگرمیوں کے لئے دستیاب ہونگی،کلثوم نوازابتدائی سرگرمیوں میں شامل نہیں ہونگی تاہم بعدمیں وہ الیکشن مہم میں شامل ہوں گی ۔

ادھر وزیراعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے حمزہ شہباز اپنی فیملی کے ہمراہ گزشتہ روز علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے نجی ائیرلائن کے ذریعے لندن روانہ ہوئے ۔ روانگی سے قبل حمزہ شہباز نے این اے 120کی الیکشن کمیٹی سے آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق مختصر گفتگو بھی کی۔رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ کلثوم نواز میری والدہ کی طرح ہیں، این اے 120کا ضمنی الیکشن اپنا انتخاب سمجھ کر اس کی نگرانی کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وارڈ لیول کی جو ذمہ داریاں ملیں ہیں، ان کیلئے کمیٹیاں بنا دیں، میں باہر رہ کربھی روزانہ این اے 120کی الیکشن مہم کی نگرانی کروں گا، انشااللہ ضمنی انتخابات میں فتح مسلم لیگ (ن) کی ہو گی۔ یاد رہے کہ این اے 120 لاہور کی سیٹ پر پولنگ 17 ستمبر کو ہو گی۔

تازہ ترین