• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

3193وفاقی ملازمین کی بیویاں غیرملکی ہیں، سینیٹ وقفہ سوالات

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) ایوان بالا کو بتایا گیا کہ سی ڈی اے کے 46ملازمین کی ڈگریاں جعلی نکلیں،3193وفاقی ملازمین نے غیر ملکی خواتین سے شادی کررکھی ہے،سینئر مینجمنٹ کورس اور نیشنل مینجمنٹ کورس کی مدت میں کمی کی تجویز زیر غور ہے ، پچھلےتین سالوں کے دوران ملکی برآمدات میں کمی ہوئی ہے ،حکومت نے تجارت کو فروغ دینے کیلئے 180ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کر رکھا ہے، درخت لگانا صوبائی معاملہ ہے تاہم گرین پاکستان پروگرام کے تحت ملک میں 10کروڑ درخت لگائے جائیں گے، پاکستان بیت المال کو پچھلے تین سالوں کے دوران 8ارب روپے دیئے گئے ہیں، سی ڈی اے کو گزشتہ تین سالوں کے دوران رہائشی و کمرشل پلاٹوں کی فروخت اور محاصل سے 49ارب 91کروڑ 48لاکھ روپے کی رقم حاصل ہوئی،گزشتہ تین سالوں کے دوران اسلام آباد میں ایف جی ایچ ایف کی جانب سے ججوں اور وفاقی سیکرٹریوں کو پانچ پلاٹ الاٹ کئے گئے ، منگل کو وقفہ سوالات کےدوران وزیر انچارج کابینہ ڈویژن نے بتایا کہ یہ صحیح ہے کہ سینئر مینجمنٹ کورس (ایس ایم سی) اور نیشنل مینجمنٹ کورس (این ایم سی ) کی مدت میں کمی کی تجویز زیر غور ہے، وزیر مملکت کیڈ نےبتایا کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران مصدقہ سیکٹر ڈی بارہ اسلام آباد میں ایف جی ایچ ایف کی جانب سے ججوں اور وفاقی سیکرٹریوں کو پانچ پلاٹ الاٹ کئے گئے، وفاقی وزیر تجارت محمد پرویز ملک نے بتایا کہ اٹھارھویں ترمیم کے بعد تجارتی پالیسی صوبائی معاملہ ہے ،وفاقی وزیر موسمیاتی تغیرات مشاہد اللہ خان نے بتایا کہ گرین پاکستان پروگرام کے تحت جنگلات کی بحالی کیلئے 3.652ارب کی لاگت سے منصوبے کا آغاز کیا گیا ہے جو پورے پاکستان میں پھیلا ہوا ہے ، درخت لگانے کیلئے گرین پاکستان پروگرام کے تحت آدھے پیسے وفاق جبکہ آدھے صوبے دینگے، وزیر مملکت کیڈ طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ پولی کلینک کی توسیع کیلئے ارجنٹینا پارک سے زمین لیکر دیدی گئی ہے ، اس سلسلے میں بھی عدالت میں کیس ہے کہ پارک کی زمین ہسپتال کیلئے نہ دی جائے، وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے بتایا کہ گریڈ 20اور اس سے اوپر کے مختلف گروپس اور سروسز کے افسران 16اگست 2017تک بطور او ایس ڈی تعینات رہے ہیں ، وزیر تجارت محمد پرویز ملک نے بتایا کہ حکومت ملک میں خشک اور تازہ پھلوں کی برآمدات بڑھانے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے ہیں،انہوںنے بتایا یہ بات درست ہے ملکی برآمدات میں کمی ہوئی ہے گزشتہ دو سالوں میں برآمدات نیچے آ رہی ہیں ، وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے بتایا  کہ 3193 وفاقی سرکاری ملازمین کی شریک حیات غیرملکی ہیں ، وزیر مملکت کیڈ نے بتایا کہ 2014سے 2016کی مدت کے دوران کسی غیرملکی کو سی ڈی اے نے کوئی تجارتی پلاٹ الاٹ نہیں کیا ،سی ڈی اے کو جنوری 2014تا دسمبر 2016کے عرصہ کے دوران 49ارب 91کروڑ 48لاکھ 70ہزار روپے کی رقم وصول ہوئی جبکہ اس کے مقابلے میں 54ارب 73کروڑ 37لاکھ 90ہزار روپے کے اخراجات ہوئے۔

تازہ ترین