• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی اختلافات کا پر تو عازمین حج پر نہیں پڑنا چاہئے، قطری ترجمان

 اسلام آباد ( حنیف خالد) قطری وزارت خارجہ نے قطری عازمین حج کو صرف السعودیہ کےذریعے سفر حج کرنے کا پابند بنانے کے  فیصلے پر حیرانگی کا اظہار کیا ہے قطری سفارتخانے نے اپنی وزارت خارجہ کے گزشتہ روز جاری کئے گئے بیان کی کاپی جنگ کو بھجوائی ہے جس کے مطابق قطری وزارت خارجہ نے قطری عازمین حج کو صرف السعودیہ کے ذریعے حجاز مقدس  پہنچائے جانے کی شرط پر حیرانی ظاہر کی ہے قطری وزارت خارجہ کے انفارمیشن ڈائریکٹر ایمبیسڈر احمد بن سعید الروماحیہ نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا کہ دنیا بھر میں اس بات کی مثال نہیں ملتی کہ اسلامی ممالک سمیت کسی ملک پر  یہ پابندی عائد کی جائے کہ اس ملک کے عازمین حج صرف السعودیہ کے  طیارے میں سوار ہو کر جدہ مدینہ آئیں گے۔

یادرہے کہ جس ملک کے عازمین حج ہوں وہ اپنے ملک السعودیہ یا دوسری ایئر لائن سے فریضہ حج کی ادائیگی  کیلئے حجاز مقدس پہنچ رہے ہیں اور ماضی میں بھی پہنچتے رہے ہیں۔ قطری وزارت خارجہ کے انفارمیشن آفس ڈائریکٹر ایمبیسڈر احمد بن سعید نے اس پابندی کو غیر منطقی حیران کن اسلام کی تعلیمات کے  منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی کوئی نظیر نہیں ملتی اسلام کی تعلیمات تمام مسلمانوں کو فریضہ حج کی ادائیگی پر زور دیتی ہیں۔

ایمبیسڈر الروماحیہ نے یہ بات نوٹ کی  ہے کہ روایتی طور پر کسی بھی ملک کے عازمین حج اپنی قومی ایئر لائن، بحری جہاز، خشکی کے راستے اپنی گاڑیوں میں  حج کی ادائیگی کیلئے ہمیشہ سے آجارہے ہیں۔ اس کے  علاوہ غیر ملکی ٹرانسپورٹ کے وسائل بھی اس مقصد کیلئے استعمال ہورہے ہیں۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ سعودی عرب اور دوسرے ممالک نے قطر کے ساتھ جو تعلقات توڑے ہیں اس میں بھی کہیں ایسا نہیں تھا کہ متعلقہ ملک کے عازمین حج صرف سعودی ایئر لائنز کے ذریعے سفر حج کرینگے۔ سعودی ایئر لائن کے ذریعے قطری عازمین حج کو فریضہ حج کیلئے آنے جانے کے متعلق  قطری ایمبیسڈر نے کہا کہ قطری سول ایوی ایشن اتھارٹی کے 20 اگست کے بیان میں واضح کردیا تھا کہ قطری عازمین حج کی سلامتی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے حج مشن کی سطح پر  سابقہ قواعد و ضوابط کے مطابق معاملات مربوط طور پر طے  ہوتے رہنے چاہئیں۔ قطر کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ اس نے سعودی  ایئر لائنز کوقطری عازمین حج لانے  لے جانے  کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق قطر سول ایوی ایشن اتھارٹی کوسعودی ایئر لائنز کی طرف سے یہ استدعا ملی کہ سعودی ایئر لائنز کو قطری عازمین حج لے کر جانے کی اجازت دی جائے۔

تازہ ترین