• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طلبہ یونین بحالی،سینیٹ کمیٹی میں مسودہ تیار، منظوری کیلئے آج پیش ہوگا

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)سینیٹ کے پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی نے طلبہ یونین بحالی کی قرار داد منظورکرلی ، قرار داد کا مسودہ منظوری کے لئے آج ایوان میں پیش کیا جائے گا، چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ طلبہ یونین کی بحالی سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نہیں۔

منگل کے روز پورے ایوان کی کمیٹی پر مشتمل اجلاس چیئرمین سینٹ رضا ربانی کی صدارت میںہوا ،اجلاس میںطلبہ یونین کی بحالی، طریقہ کار اور دیگر سفارشات کا مسودہ تیار کیاگیا،تمام سیاسی جماعتوں کے سینیٹرز نے اپنی سفارشات پیش کیں جن میں سے قابل عمل سفارشات کو مسودے کا حصہ بنایا گیا ہے۔ ان سفارشات پر آج بحث مکمل ہوگی۔ان سفارشات کی نوک پلک درست کرکے ایوان میں آج قانون سازی کے لئے پیش کیا جائے گا، چیئرمین سینٹ نے کہا کہ طلبہ یونین سے نہ صرف طلبہ میں بیداری پیدا ہوگی ،سیاسی سرگرمیاں بحال ہونگی اور جو ڈکٹیٹر شپ کے زمانے میں ان پابندیوں کے باعث برائیاں پیدا ہوئی ہیں وہ ختم ہونگی، انہوںنے کہا کہ طلبہ یونینز جب بحال ہونگی تو ان کو ایک قانونی طریقہ کار فراہم کیا جائے گا اور تعلیمی اداروں کو اسلحہ سے مکمل طور پر پاک کیا جائیگا،طلبہ کی کردار سازی اور تربیت سے مستقبل کی سیاست میں بڑے نام پیدا ہونگے۔

انہوںنے کہا کہ یہ طلبہ تنظیمیں سرکاری اور نجی اداروں میں یکساںطورپر بحال کی جائیں گی،طلبہ یونین کی بحالی سے تعلیمی نظام میں بھی بہتری آئے گی۔ قبل ازیں شیریں رحمان، حاصل بزنجو، شاہ گل آفریدی، رحمان ملک، عثمان کاکڑ ، خواجہ جاوید نے تجاویز پیش کی جن کو چیئرمین سینٹ نے مسودے کا حصہ بنا دیا۔آج سینٹ میں یہ مسودہ منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔

تازہ ترین