• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ ہائیکورٹ، ارکان اسمبلی و سرکاری افسران کیخلاف نیب تحقیقاتی رپورٹ پیش

 کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ میں قومی احتساب بیورو(نیب) نے 600 سے زائد ارکان اسمبلی وسرکاری افسران کے خلاف تحقیقات سے متعلق رپورٹ جمع کرادی ہے۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ نیب قوانین کی منسوخی آئین و قانون کیخلاف ہے۔رپورٹ منگل کو چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ کے روبرو نیب آرڈیننس کے خاتمے کے کیس میں سماعت کے دوران پیش کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں جمع کرائی گئی نیب رپورٹ میں ایکسائز کے وزیر غنی چند اسرانی ، وزیر قانون ضیا الحسن لنجار،سابق وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن ،صوبائی وزیر زکوۃو عشر دوست محمد، سابق ناظم کراچی مصطفی کمال، سابق صوبائی وزیر معدنیات آغا طارق سابق صوبائی وزیر رئوف صدیقی، سابق وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین،سابق ایم پی اے غلام قادر پلیجو،سابق ایم پی اے اعجاز شاہ شیرازی سابق ایم پی اے نواب تیمور تالپور کے نام شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق رپورٹ میں انکوائریوں کا سامنا کرنے والے سندھ کے تقریبا تین سو سرکاری ملازمین کے نام بھی شامل ہیں جن میں سابق آئی جی پولیس سندھ غلام حیدر جمالی ،سیکرٹری غلام مصطفی پھل، سابق چیف سیکرٹری سندھ صدیق میمن و دیگرشامل ہیں۔

نیب کی جانب سے عدالت کو جمع کرائے گئے اپنے جواب موقف اختیارکیاگیا ہے کہ نیب قوانین کی منسوخی آئین اور قانون کے خلاف ہے اسی لئے گورنر سندھ محمد زبیر نے بھی نئے قوانین کے بل میں خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے بل واپس بھیج دیا تھا جبکہ سپریم کورٹ بھی نیب آرڈیننس کو غیر قانونی قرار دے چکی ہے۔جواب میں کہا گیا ہے کہ نیب کو ملک بھر میں کرپشن کے خلاف خصوصی قانون کے تحت اختیارات حاصل ہیں اور نیب کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی کا حق رکھتا ہے۔ نیب نے عدالت سے استدعا کی کہ اس وقت نیب کی تحقیقات کا سامنا کرنے والے 600 سے زائد بیورو کریٹ اور ارکان اسمبلی شامل ہیں جن کی تفصیلات اور فہرست بھی جواب میں منسلک ہے لہٰذا سندھ اسمبلی میں منظور کئے گئے قانون کو منسوخ کیا جائے۔

سندھ ہائی کورٹ نے 16اگست کو سماعت کے دوران قرار دیا تھا کہ جن اراکین سندھ اسمبلی کے خلاف نیب میں انکوائری جاری ہے ان کی فہرست پیش کی جائے اور ان اراکین اسمبلی کی بھی فہرست فراہم کی جائے جنہوں نے بل کی منظوری میں ووٹ دیا۔

تازہ ترین