• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم نے جنوبی پنجاب کو اربوں روپے دئیے، یہاں سے آنیوالے حکمرانوں نے کچھ نہ دیا، شہباز شریف

لاہور( جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ ہم نے جنوبی پنجاب کو اربوں روپے دیئے،یہاں سے آنیوالے حکمرانوں نے کچھ نہ دیا، وسائل سے محروم اورغریب عوام کے طرز زندگی میں بہتری لانا پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کاایجنڈا ہے۔وہ منگل کے روز جنوبی پنجاب کے منتخب نمائندوں سے گفتگوکررہے تھے ۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ رواں مالی سال 635ارب روپے کے تاریخ ساز ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد کیا جارہا ہے ۔

صوبے کی تاریخ کا یہ سب سے بڑا ترقیاتی پروگرام ہے جو پنجاب کی پائیدارمعاشی ترقی کا باعث بنے گاکیونکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں سماجی شعبوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کم ترقی یافتہ اورپسماندہ علاقوں کی ترقی ہماری ترجیحات میں شامل ہے اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت پسماندہ علاقوں کی ترقی وخوشحالی پر خطیر وسائل خرچ کیے جارہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ترقیاتی حکمت عملی کے تحت غریب عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے مثالی اقدامات کیے گئے ہیں۔تعلیم،صحت،زراعت،واٹر سیکٹر اورسماجی شعبوں کی بہتری کو ترجیح دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں جنوبی پنجاب سے حکمران تو آتے رہے لیکن علاقے کی پسماندگی دور کرنے کیلئے کچھ نہ کیاگیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے جنوبی پنجاب کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے اورہم نے خطے کی پسماندگی دور کرنے اورماضی کے لگائے گئے زخموں پر مرہم کرنے کیلئے ٹھوس حکمت عملی پر عمل کیاہے۔

انہوں نے کہا کہ وسائل کارخ کم ترقی یافتہ اورپسماندہ علاقوں کی طرف موڑدیاگیاہے۔جنوبی پنجاب میں اربوں روپے کے میگاپراجیکٹس مکمل ہوئے اوربہت سے منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے بڑے پروگرام کا آغاز بھی جنوبی پنجاب سے کیا جارہا ہے ۔خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام کے تحت ہزاروں کلومیٹر طویل دیہی سڑکوں کو تعمیرکیاگیاہے اوریہ تمام سڑکیں کارپٹڈ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے سرکاری سکولوں میں پڑھنے والی بچیوں کاماہانہ وظیفہ بھی بڑھادیاگیا ہے ۔ملتان میں اربوں روپے کی لاگت سے بننے والے جدیدترین میٹروبس سسٹم نے خطے کے عوام کو جدید سفری سہولتیں دی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں معیاری تعلیمی ادارے ،یونیورسٹیاں اور ہسپتال قائم کیے گئے ہیں ۔ خمزہ شہباز شریف  نے کہا کہ میں اعلی قیادت کی اجازت سے بیرون ملک جا رہا ہوں اور روانگی کا یہ پروگرام پہلے سے طے شدہ تھا ۔

تازہ ترین