• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طاقتور طوفان ارما سے ہلاکتیں 23 ہوگئیں، فلوریڈا میں 5 لاکھ لوگوں کو منتقل کرنے کی ہدایت

کراچی (نیوز ڈیسک) بحرہ اوقیانوس میں طاقت ور سمندری طوفان ’اِرما‘ کیریبین جزائر کو تباہ کرنے کے بعد امریکا کی جانب بڑھ رہا ہے۔اِرما طوفان کے باعث اب تک کئی کیریبین جزائر تقریباً مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں جبکہ23افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق بھی ہوچکی ہے۔ہنگامی امداد سے متعلق امریکی وفاقی ادارے نے ریاست فلوریڈا کے 5 لاکھ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

ارما کا طوفان 9 ستمبر تک امریکا کے قریب پہنچ جائے گا، جب کہ 11 ستمبر تک اس کے فلوریڈا کے ساحلوں سے ٹکرانے کا امکان ہے۔امریکا میں ہنگامی امداد کی وفاقی ادارے کے سربراہ نے خبردار کیا ہے کہ سمندری طوفان ʼارما امریکی ریاست فلوریڈا یا اس کی ہمسایہ ریاستوں کے لیے ʼتباہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔ہلال احمر کے مطابق طوفان سے 2 کروڑ 60 لاکھ افراد متاثر ہوسکتے ہیں۔ فیما کے منتظم بروک لونگ کا کہنا ہے کہ ʼارما بدستور ایک بڑا خطرہ ہے جو کہ امریکا میں فلوریڈا اور دیگر جنوب مشرقی ریاستوں کو تباہ کرے گا۔

انھوں نے کہا کہ اس طوفان کی وجہ سے فلوریڈا کے کئی علاقوں میں طوفان کے بعد آنے والے کئی دنوں تک بجلی نہیں ہوگی جبکہ ایک لاکھ سے زیادہ افراد کو پناہ کی ضرورت ہوگی۔ارما کی شدت میں کمی کے بعد اب اسے درجہ چار کا طوفان قرار دیا گیا ہے لیکن حکام نے خبردار کیا ہے کہ شدت میں کمی کے باوجود اب بھی یہ ʼانتہائی خطرناک ہے۔

تازہ ترین