• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’ارما ‘‘طوفان امریکا سے ٹکراگیا ،ایک ہلاک، 65لاکھ افرادکا انخلا

Todays Print

کراچی (نیوز ڈیسک) سمندری طوفان کریبین کے علاقے میں تباہی مچانے کے بعد اب امریکی ریاست فلوریڈا کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا ہے۔65لاکھ لوگوں کا انخلا شروع ہوگیا ۔ میامی شہر کی سڑکیں سیلابی پانی سے بھر گئیں جبکہ طوفانی ہوائوں کے باعث سمندر کی سطح میں 15فٹ اضافہ ہوا ہے ۔

کیریبین جزائر میں طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد 24ہوگئی ہے جبکہ امریکا میں پہلی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے ۔ اتوار کی صبح ʼارما نے فلوریڈا کے مغربی ساحلی علاقوں کو اپنا نشانہ بنانا شروع کیا۔طوفان کیساتھ  تیز ہوائیں اور شدید بارشیں ہورہی ہیں۔ارما کو شدت کے لحاظ سے اس وقت طوفان کے اسکیل پر چوتھے درجے پر رکھا جا رہا ہے۔

فلوریڈا سے ٹکرانے کے بعد طوفانی ہواؤں کی شدت 215 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔ارما کے طوفانی جھکڑوں کے نتیجے میں فلوریڈا میں 16 لاکھ سے زائد گھر بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔طوفانی ہوائوں سے عمارتیں لرز اٹھیں جبکہ متعدد درخت اکھڑ گئے، یہ اٹلانٹک میں اب تک کا سب سے طاقتور طوفان ہے، کیوبا میں اس طوفان سے 36 فٹ اونچی لہریں بننے کا خطرہ ہے، فلوریڈا سے 65 لاکھ افراد کو انخلا کا حکم دے دیا گیا ہے، امریکی حکام نے خبردار کیا ہے کہ ریاست فلوریڈا کے مغربی ساحل پر تیز ہوائوں کے باعث 15 فٹ بلند سیلاب کا خطرہ ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست الاباما، جارجیا، جنوبی کیرولینا اور ٹینیسی کے گورنروں سے بات کی ہے جبکہ وائٹ ہائوس کے مطابق پیرٹو ریکو کو آفت زدہ قرار دے دیا ہے۔امریکی نائب صدر مائیک پنس کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ نے فلوریڈا سمیت طوفان سے متاثرہ دیگر ریاستوں میں امداد کیلئے وفاقی حکومت کو اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کردی ہے اور وہ فلوریڈا کی صورتحال کے حوالے سے تشویش کا شکار ہیں۔

تازہ ترین