• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیف فاؤنڈیشن کے تحت بزرگوں کی دیکھ بھال کیلئے کورس متعارف کرانیکا اعلان

کراچی (اسٹاف رپورٹر)خواتین کی بااختیاری کے لئے کام کرنے والی ٹیف فاؤنڈیشن کے ادارے ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ نے آغا خان یونیورسٹی (اے کے یو) کے اشتراک سے بزرگوں کی بہتر دیکھ بھال سے متعلق اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس ضمن میں اے کے یو کورس اور تربیتی مواد کی تیاری میں اہم کردار ادا کرے گا۔ یہ پروگرام اس بات کو یقینی بنائے گا کہ زیرتربیت تمام خواتین (ٹرینی ) میں مطلوبہ علم، مہارت اور برتاؤ کو یقینی بنایا جائے تاکہ وہ بزرگوں کی بہتر طور پر دیکھ بھال کرسکیں۔ اس پروگرام میں کام کے اصولوں اور طبی اخلاقیات کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔

اس کے علاوہ اس پروگرام میں بزرگ افراد کو درپیش عام بیماریوں کی نشاندہی اور ان کی روزمرہ زندگی پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں ٹی اے ایف فاؤنڈیشن کی سی ای او عاتکہ لطیف کا کہنا تھا کہ آج ہمارے معاشرے میں بزرگوں کی دیکھ بھال کے لئے تربیت یافتہ افراد کی بہت ضرورت ہے۔ ہمارا یہ جدت انگیز اقدام اپنے بزرگوں کے احترام پر مبنی ہے، ان کی دیکھ بھال ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں خصوصی تربیت کے حصول کے بعد تربیت یافتہ خواتین بہتر انداز سے بزرگوں کی دیکھ بھال کرسکیں گی جس سے ان کی آمدنی میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔

تازہ ترین