• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انصار الشریعہ پر پابندی کا فیصلہ کرلیا، مدارس اصلاحات پر عمل کرائیں گے،و زیرداخلہ

Todays Print

 اسلام آباد (نیوز ایجنسیز) وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ انصارالشریعہ پرپابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ انصار الشریعہ کے 4؍ مرکزی عہدیدار گرفتار کرلیے گئے،ہمیں نیشنل ایکشن پلان کو بہتر طریقے سے چلانا اور پڑھے لکھے نوجوانوں کودہشتگردی کی لعنت میں پڑنے سے روکنا ہے،مدارس اصلاحات پر عمل کرائیں گے ، ایم کیو ایم پاکستان سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو سیاسی آزادی حاصل ہے تاہم کسی تشدد پسند گروپ یاپارٹی کو انارکی پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بدھ کو میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہاکہ حملے کے ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور باقی ملزموں کو بھی جلد گرفتارکرلیاجائے گا کیونکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ان کے پیچھے ہیں ۔

احسن اقبال نے کہاکہ یہ بڑی کامیابی ہے اور حکومت اس گروپ کا پورا نیٹ ورک توڑنے کے لئے پر عزم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ڈائریکٹر جنرل رینجرز نے انہیں اس واقعہ سے متعلق پیشرف پر آگاہ کیا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم پاکستان سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو سیاسی آزادی حاصل ہے تاہم کسی تشدد پسند گروپ یاپارٹی کو انارکی پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ عوامی مرکز میں آگ لگنے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس واقعہ کی انکوائری رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔

احسن اقبال نے اسلام آباد میں عوامی مرکزکی آتشزدگی کے حوالے سے کہا کہ عوامی مرکزمیں آتشزدگی سے دو افراد کے جاں بحق ہونے پر انہیں افسوس ہے، پولیس نے انہیں چھلانگ نہ لگانے کا کہا تھا تاہم انتظامیہ نے ہیلی کاپٹر یا کوئی اورمدد نہیں مانگی۔

اجلاس سے خطاب میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کے حوالے سے کہا کہ دنیا ٹرمپ کے ساتھ نہیں، امریکی صدرنے تقریرکی لیکن روس، چین اوریورپی ممالک نے پاکستان کی تائید کی جو خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ برکس میں چین نے کوئی نئی پالیسی نہیں بنائی، برکس اعلامیے کی باتیں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس اعلامیہ میں بھی تھیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں نیشنل ایکشن پلان کو بہتر طریقے سے چلانا اور پڑھے لکھے نوجوانوں کودہشتگردی کی لعنت میں پڑنے سے روکنا ہے، ہم نے تمام وزرا اعلی ٰکی میٹنگ کی جس میں فیصلہ ہوا ہے کہ وفاق المدارس کا بنایا گیا طلبا کا فارم تمام صوبوں سے لازمی کروایا جائے گا۔

تازہ ترین