• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حجاج کی رہائش ،کھانا،ٹرانسپورٹ کی ذمہ داری پاکستانی حکام کی ہے،سعودی سفارتخانہ

Todays Print

اسلام آباد (نمائندہ جنگ/ ایجنسیاں) سعودی سفارتخانہ نے اپنے ایک بیان میں اس امر پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور واضح کیا ہے کہ وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے حالیہ بیانات حقائق کے برعکس ہیں۔

حجاج کی  رہائش ،کھانا،ٹرانسپورٹ کی ذمہ داری پاکستانی حکام کی ہے،ناقص انتظامات کا سبب پاکستان کےسعودی کمپنیوں سے کئے گئے معاہدے ہیں،یاد رہے کہ اس سال2017 میں سعودی عرب نے حج کیلئے خصوصی طور پر 50پاکستانی شخصیات کی میزبانی کی ہے اور انہیں مناسک حج کی ادائیگی میں بھرپور مدد اور سہولت فراہم کی اور بات طے ہے کہ ہر سال پاکستانی حکام کی ہی ذمہ داری ہے کہ وہ پاکستان حجاج کرام کی ضروریات، جن میں سفری سہولیات اور قیام و طعام شامل ہے، کو پورا کرے۔

پاکستانی اور سعودی کمپنیوں کے درمیان کئے گئے معاہدوں کی تصدیق کے بغیر سعودی سفارتخانہ حج و عمرہ کا کوئی ویزہ جاری نہیں کرے گا اور جہاں تک پاکستانی حجاج کرام کیلئے خدمات یا سہولیات میں کمی یا نقص کا تعلق ہے تو اس کی وجہ صرف اور صرف پاکستان کی جانب سے کئے جانے والے معاہدے ہیں جو انہوں نے اپنی مرضی کے مطابق سعودی کمپنیوں سے کئے ہیں۔

این این آئی کے مطابق سعودی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیر مذہبی امور سردار یوسف کی جانب سے پاکستانی حجاج کو درپیش مسائل اور سہولیات فراہم نہ کرنے کے بے بنیاد الزامات مسترد کرتے ہیں اور پاکستانی حجاج کو سعودی کمپنیوں کی طرف سے سہولیات سے محروم رکھنے کا الزام بھی حقائق کے منافی ہے۔

آن لائن کے مطابق سفارتخانے نے کہا کہ پاکستانی حجاج کو سعودی عرب میں رہائش گاہوں، ٹرانسپورٹ اور کھانا فراہم کرنے کی ذمہ داری پاکستانی حکام پر عائد ہوتی ہے اور اس ضمن میں جو بھی کوتاہیاں ہوئی ہیں اس کی ذمہ داری بھی پاکستانی حکام پر عائد ہوتی ہے۔

جب وزارت مذہبی امور کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے سعودی سفارتخانے کی جانب سے وضاحتی خط ملنے کی تصدیق کی تاہم انہوں نے کہاکہ پاکستانی حجاج کو جو بھی مشکلات پیش آئی ہیں ان کی ذمہ داری سعودی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔

تازہ ترین