• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی سی بی ٹریبونل کے پاس فیصلے کا اختیار نہیں تھا،وکیل خالد لطیف

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ کرکٹر خالد لطیف کے وکیل بدر عالم نے کہا کہ پی سی بی  ٹریبونل نے جو فیصلہ دیا انہیں اس کا اختیار ہی نہیں، پی سی بی کے کوڈ میں مختصر فیصلے کی کوئی گنجائش نہیں، فیصلے سے ثابت ہوتا ہے کہ ٹریبونل غیر جانبدار نہیں ہے۔

پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی کا کہنا تھا کہ الزامات کو ثابت کرنا پی سی بی کا کام ہے اور اس حوالے سے فیصلہ دینا ٹریبونل کے دائرہ اختیار میں ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف خالد لطیف کے پاس سپریم کورٹ میں اپیل کرنے کا حق ہے۔

بدھ کو خالد لطیف کو پانچ سالہ سزا کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بدر عالم نے کہا کہ پی سی بی کا کوڈ کہتا ہےکہ ٹریبونل اپنا فیصلہ وجہ کے ساتھ دے گا، کہیں یہ نہیں کہا گیا کہ مختصر فیصلہ سنایا جائے، یہ اس بات کو ثابت کرتا ہے ان کے ذہن میں تھا کہ سزا دینا ہے۔ خالد لطیف کے وکیل نے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تفصیلی فیصلہ آنے پر آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔ تفضل رضوی نے کہا کہ پی سی بی کا کھلاڑیوں کے ساتھ سینٹرل کنٹریکٹ ہوتا ہے جس میں تمام چیزیں شامل ہوتی ہیں، ہمیں اس بات  کو یقینی بنانا ہوتا ہے کہ کھلاڑی ایسی سرگرمیوں سے دور رہیں۔ خالد لطیف کے وکیل کی جانب سے فیصلہ مسترد کیے جانے سے متعلق پی سی بی کے وکیل نے کہا کہ جن لوگوں کا قصور ہے وہ سب کے سامنے ہیں، بد رعالم جو بھی کہتے ہیں ان کا اختیار ہے۔

تازہ ترین