• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ کپ، قومی ہاکی ٹیم کیلئے بھارت میںسیکورٹی چاہتے ہیں، صدر پی ایچ ایف

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر(ر) خالد کھوکھر نے کہا ہے کہ ورلڈکپ میں قومی ٹیم کا کوالیفائی کرنا خوش آئند ہے تاہم ورلڈ کپ رسائی رائونڈ میں قومی ٹیم کی کار کردگی بہت زیادہ اچھی نہیں تھی، بھارت سے برابری کی بنیاد پر ہاکی میں تعلقات اور ورلڈکپ میں قومی ٹیم کیلئے سیکورٹی چاہتے ہیں ، ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان سے پاکستان ہاکی نئے دور میں داخل ہو جائے گی ،ورلڈ کپ کے لئے ہمیں بہترین ٹیم تیار کرنی ہے۔

وہ بدھ کو ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے، انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ آسان ایونٹ نہیں ہے مگر ماضی میں ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت نے ہی اپنی برتری دکھائی ہے، کیمپ میں کھلاڑیوں کی فٹنس پر زیادہ توجہ دی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی شرکت یقینی بنانے کے لئے ایف آئی ایچ کے صدر نریند بٹرا سے بات چیت ہوئی ہے، انہوں نے پاکستانی کھلاڑیوں کو بھارت کے ویزے کی فراہمی اور مکمل سیکیورٹی دینے کی یقین دہانی کرائی ہے، بھارت پر واضح کر دیا ہے کہ اگر اس بار جونیئر ورلڈ کپ کی طرح کی صورت حال پیش آئی تو پاکستان میگا ایونٹ میں شرکت نہیں کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہاکی سیریز کی بحالی کے لئے بھی بات چیت ہوئی ہے اور ان سے کہا ہے کہ جب تک پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مستقل بنیادوں پر نہیں کھیلیں گی ہماری ہاکی اوپر نہیں جائے گی ، بھارت کے ساتھ سیریز کے مستقبل میں بہت امکانات ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہاکی ورلڈ الیون بھی جلد پاکستان آرہی ہے جس کے کھلاڑیوں کے نام فی الحا ل نہیں بتائے جا سکتے ۔

تازہ ترین