پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ کے بقول پاکستان اور چین محض اتحادی نہیں بلکہ ایسے دوست ہیں جن کی دوستی ہر موسم میں ہر آزمائش پر پورا اتری ہے۔ سی پیک کانفرنس سے اپنے خطاب میں انہوں نے صراحت کی کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری کے تمام شرکا جیت کے حامل ہوں گے۔ چینی سفیر نے واضح کیا کہ ہم ایک نئی طرز کے بین الاقوامی تعلقات کو متعارف کرارہے ہیں جس میں کسی فریق کی ہار کا کوئی تصور نہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم تمام موسموں کے آزمودہ دوست پاکستان کے علاوہ نیپال، بنگلہ دیش، سری لنکا اور میانمار کے ساتھ بھی کام کررہے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ ایک سڑک ایک راستہ کا تصور سردجنگ کی مکمل نفی کرتا ہے۔چینی سفیر نے ان خیالات کا اظہار سی پیک کے حوالے سے بعض عناصر کی جانب سے چین کے خلاف بدگمانیاں پھیلانے کی کوششوں کے تناظر میں کیا جس کا ذکر وفاقی وزیر داخلہ نے بھی اپنے خطاب میں کیا ہے ۔بلاشبہ مغرب کی استعماری طاقتوں کے برعکس چین نے ون بیلٹ ون روڈ کی بنیاد پر سی پیک کے علاوہ چھ مزید منصوبے شروع کرکے بین الاقوامی تعلقات میں سب کے لیے ترقی کے یکساں مواقع کا نظریہ متعارف کرایا اور یوں انسانی برادری کو قومی مفادات کی جنگوں سے بالاتر ہوکرباہمی خوشحالی کے لیے مل جل کر کام کرنے کا پروگرام دیا ہے ۔ تاہم پاکستان میں بعض حلقوں کی جانب سے اس خدشے کا اظہار کیا جارہا ہے کہ سی پیک کے بیشتر فوائد چین کو حاصل ہوں گے اور پاکستان کو برائے نام ہی کچھ مل سکے گا۔ چینی حکام ان بدگمانیوں کی تردید پہلے بھی کرتے رہے ہیں اور چینی سفیر نے بھی چین اور پاکستان کو محض اتحادی نہیں بلکہ دوست قرار دے کر اس کا اعادہ کیا ہے۔ چین نے سب کی خوشحالی کا جو نیا تصور بین الاقوامی تعلقات میں متعارف کرایا ہے، اس کے پیش نظر ایسی بدگمانیاں بلاشبہ بے بنیاد نظر آتی ہیںاس کے باوجود تمام باہمی معاہدوں اور کاروباری شرائط کو اس حوالے سے بالکل واضح رکھے جانے کا اہتمام ضروری ہے کہ غلط فہمیاں پھیلانے کی کوئی گنجائش ہی باقی نہ رہے۔