• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جڑواں شہروں میں کوئی بچہ انسداد پولیو قطروں سے محروم نہ رہے، میئر اسلام آباد

اسلام آباد ( نیوز رپورٹر) وزیراعظم کی ہدایت پر انسدادِ پولیو مہم کے سلسلے میں سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں اسلام آباد اور راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔ اجلاس کی صدارت اسلام آباد کے میئر اور چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کی ، انہوں نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ اجلاس کا مقصد اسلام آباد کے علاوہ راولپنڈی میں جاری پولیو مہم کو مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل ایڈمنسٹریشن ندیم اکبر ملک کو ایم سی آئی/ سی ڈی اے کی طرف سے فوکل پرسن مقرر کیا گیاہے۔ اجلاس میں ضلعی انتظامیہ ،راولپنڈی اور اسلام آباد کی طرف سے بھی فوکل پرسن مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور پولیو سے متعلق نمائندوں کے علاوہ وزارت کیڈ اور وزارتِ داخلہ کے افسران نے مختلف تجاویز بھی دیں۔ شیخ انصر عزیز نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ مہم کے دوران فیلڈ میں رہیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ جڑواں شہروں میں پانچ سال تک کی عمر کا کوئی بچہ انسدادپولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے کیونکہ آنے والی نسل کو صحت مند شہر اور ملک دینا ہماری قومی ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
تازہ ترین