• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محرم کے مقدس اور پرامن ماحول کیلئے تمام محکمے اپنا کردار ادا کریں،کمشنر

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) کمشنر راولپنڈی طلعت محمود گوندل نے کہا ہےکہ محرم الحرام کا تقدس برقرار رکھنے اور شہریوں کو محفوظ و پرامن ماحول فراہم کرنے کیلئے تمام سرکاری محکمے اپنا کرادر ادا کریں اور مقررہ ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ محبت و رواداری اور صبرو برداشت کی فضا کو پروان چڑھا کر امن و امان قائم رکھا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر آفس راولپنڈی میں محرم انتظامات کے جائزہ اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرعارف رحیم، اسسٹنٹ کمشنر کینٹ امبر گیلانی، اے سی کہوٹہ انصر حیات، اے ٹیکسلا محمد وقاص، اے سی کوٹلی ستیاں محمد راشد، ڈی ایس پی سپیشل برانچ طاہر انیس، ڈی او سول ڈیفنس، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر فیاض بٹ، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد اسلم میتلا، ڈاکٹر عبدالرحمان ڈی ای او ریسکیو 1122اور دیگر متعلقہ سرکاری محکموں کے سربراہان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کمشنر نے کہا کہ معاشرے میں قیام امن کیلئے اراکین امن کمیٹی کے ساتھ ساتھ ہر فرد کو بھی اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے جلوسوں کی سکیورٹی کا فول پروف انتظام کیا جائے نیز میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کمیٹیوں کے افسران جلوسوں کے روٹس پر پیج ورک کرائیں۔ جلوسوں کے راستوں میں تمام سٹریٹ لائٹس فنکشنل ہونی چاہئے اور سی سی ٹی وی کیمرے بروقت لگائے جائیں۔ اُنہوں نے واسا اور آر ڈبلیو ایم سی کے ارکان کو ہدایت کی کہ جلوس کے روٹس پر صفائی کے انتظامات اور پانی کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔
تازہ ترین