راولپنڈی (نمائندہ جنگ) کنزیومر پروٹیکشن کونسل نے ناقص سروسز کی فراہمی کے سبب بچے کی موت پر ڈے کیئر سینٹر کو پانچ کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا، راولپنڈی کے شہری عمران احمد نے ڈسٹرکٹ کنزیومر پروٹیکشن کونسل راولپنڈی کو درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ اس کی بیوی اولیول سکول جوڈیشل کالونی راولپنڈی میں ٹیچر تھی اسی سکول کے ڈے کیئر سنٹر میں بچے کی دیکھ بھال کی سروسز حاصل کی گئیں جس کی ماہانہ فیس تین ہزار روپے ادا کی جاتی تھی، شہری کی بیوی معمول کے مطابق سکول پڑھانے کے لئے گئیں اور صبح آٹھ بجے بچے کو سکول کے ڈے کیئر سنٹر میں داخل کروایا، سوا نو بجے سکول کی آیا بچے کو ڈے کیئر سنٹر سے باہر لے کر آئی اس وقت بچے کی حالت تشویشناک تھی، سکول مالک محمد احمد ظفر کی طرف سے بچے کی والدہ کو اطلاع دیئے بغیر بچے کو ہسپتال داخل کروادیاگیا اسی دوران بچے کی موت واقع ہو گئی۔ شہری نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ بچے کی موت کے بعد انکی بیوی کو بتایا گیا کہ آپ کا بچہ وفات پاگیا ہے جس کی تمام تر ذمہ داری سکول انتظامیہ کی ہے۔ درخواست میں الزام عائد کیا گیا کہ سکول انتظامیہ نے وقوعہ کے تمام شواہد غائب کر دیئے اور جب ان سے سی سی ٹی وی ویڈیو دکھانے کا کہا گیا تو انہوں نے وہ بھی دکھانے سے انکار کردیا، کنزیومر کونسل کی طرف ناقص سروسز کا مظاہر ہ کرنے پر سکول مالک کو پانچ کروڑ روپے ہرجانہ کا لیگل نوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں اسے صارف کی داد رسی کا پابند کیا گیا ہے۔