• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صنعتی علاقوں کیلئے ترقیاتی فنڈ اگلے ماہ میں جاری کریئے جائیں گے، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)  وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ  نےکہا ہے کہ صنعتی علاقوں کے لیے ترقیاتی فنڈ اگلے ایک ماہ میں جاری کردیے جائیں گے، صوبائی اقتصادی کونسل کے قیام کی تجویز قابل غور ہے اس پر مشاورت کی جائے گی۔

ان خیالت کا اظہار انہوں نے  کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے سالانہ عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ اس وقت صوبے میں سب سے بڑا مسئلہ افرادی قوت ہے۔

کراچی کی ترقی کیلئے حکومت سندھ میئر کراچی کے ساتھ مل کرکام کرے گی۔انھوں نے کہا کہ ہم نے کراچی کے انفرااسٹرکچر کے لیے بہت کام کیے ہیں اور کئی منصوبے شروع ہونے والے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وفاق نے  کے فور منصوبے کی مجموعی لاگت کا نصف دینے کا وعدہ کیا تھا، جب ڈیزائن میں نقائص کے سبب لاگت بڑھ گئی تو اضافی لاگت دینے سے انکار کردیا۔انہوں نے کہا کہ ایس تھری منصوبے کے لیے ورلڈ بینک سے قرضے کی فراہمی طے ہوچکی ہے۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کاٹی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر کا کہنا تھا کہ کراچی میں ہر طرف کچرا پھیلا نظر آتا ہے، سیوریج  اور ٹریفک کے مسائل سنگین ہوچکے ہیں، کورنگی صنعتی علاقے کی کئی فیکٹریوں میں گٹر کا پانی داخل ہوچکا ہے۔ کاٹی کے صدر مسعود نقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ میں بھی صوبائی اقتصادی کونسل کا قیام عمل میں لایا جائے، جس میں صنعت و تجارت اور ٹیکسیشن سے متعلقہ حکومتی اداروں اور بزنس کمیونٹی کے نمائندوں کو شامل کیا جائے،انہوں  نے کہا کہ فنڈز اور اختیارات کے حوالے سے صوبائی حکومت کو بلدیاتی حکومتوں پر مزید توجہ دینی چاہیے۔اس موقع پر سردار یاسین ملک، زبیر طفیل، کاٹی کے سینئر نائب صدر غضنفر علی خان نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں وزیر داخلہ سہیل انور سیال، رکن صوبائی اسمبلی سعید غنی، سینیٹر عبدالحسیب خان، میئر کراچی وسیم اخترسمیت تاجر رہنماؤں اور تاجر تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ 

تازہ ترین