• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانوی پروفیشنلز پاکستان کے ہیلتھ کیئر سیکٹر میں سرمایہ کاری کے خواہاں

لندن (مرتضیٰ علی شاہ)برطانوی پروفیشنلز پاکستان کے ہیلتھ کیئر سیکٹر میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی متعارف کردہ ترجیحات حقیقی تبدیلی لارہی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے دو ہفتے قبل لندن میں ہیلتھ روڈ شو منعقد کیا تھا اور ڈاکٹروں، سرجنز اور ہیلتھ پروفیشنلز سے ملاقاتیں کی تھیں اور سٹیک ہولڈرز بننے کی دعوت دی تھی۔

این ایچ ایس میں کام کرنے والے ڈاکٹر، سرجنز اور انٹرپرینرز نے کہا ہے کہ وہ پنجاب کے ہیلتھ سیکٹر میں انویسٹرز اور ہیلتھ کیئر پرووائیڈرز کی حیثیت سے سرمایہ کاری کرینگے۔ آرتھوپیڈک سرجن اور میڈیکو لیگل اگزامنر ڈاکٹر سہیل چغتائی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے سیمینار میں وزیراعلیٰ پنجاب نےپنجاب میں ہیلتھ کیئر کے معیار کو بلند کرنے کا وعدہ کیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ خود اورکئی میڈیکل پروفیشنلز مختلف شعبوں میں عملی مدد کی پیش کش کررہے ہیں۔ برطانیہ ہیلتھ کیئر سینٹرز سے تعلق رکھنے والی پراپرٹی پورٹ فولیوز کے مالک ابوتراب راجہ نے کہا کہ وہ پنجاب کے ہیلتھ سیکٹرز میں سرمایہ کاری کریں گے کیونکہ پنجاب میں سرمایہ کاری کا ان کا تجربہ کامیاب رہا ہے۔ حکام نے ہر سطح پر ان کی مدد کی اور ان کی سرمایہ کاری بے حد سود مند رہی۔ ایسوسی ایشن آف پرائمری ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کے ڈاکٹر سجاد احمد نے کہا کہ برطانوی دلچسپی سے پاکستان کے ہیلتھ کیئر سیکٹر میں بڑی تبدیلیاں اور کامیابیاں آئیں گی۔ معروف این ایچ ایس ڈاکٹر ازوار بن ظہور رائل فری ہاسپٹل لندن این ایچ ایس فائونڈیشن ٹرسٹ کے ڈاکٹر تراب ارشد سید، ڈاکٹر اشبا جعفری اور کیپٹل کیئر سروسز کے ایم ڈی پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق رضوی نے بھی روڈ شو کو سراہا اور اسے بڑی کامیابی قرار دیا جس سے شہباز شریف کی لگن کا اظہار ہوا ہے۔ ان کا پنجاب میں کام کرنے کا ارادہ ہے۔

تازہ ترین