• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرانشاہ میں کرکٹ میچ، شمالی وزیرستان میں امن جیت گیا، آرمی چیف

Todays Print

راولپنڈی(خبرایجنسیاں)چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں تاریخی اور کامیاب ایونٹ نے ثابت کردیا کہ شمالی وزیرستان میں امن جیت گیا، پاکستانی مشکل وقت میں ثابت قدم رہتے ہیں، یہ اصل پاکستان اور وزیرستان ہے، پاکستان الیون اوربرطانوی میڈیا الیون کے درمیان خیر سگالی میچ کے انعقاد کے بعد ساری دنیا کو پیغام گیا ہے کہ پاکستانی ایک امن پسند اور کھیلوں سے محبت کرنے والی قوم ہے۔

آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ دہشت گر دو ں کے خلاف آپریشن میں بے گھر ہونے والے قبا ئلیو ں کی بحالی کا عمل تقریباً مکمل ہو گیا ہے، ہم دہشتگردوں کو دوبارہ پنپنے نہیں دینگے، اس دوران کھیلے گئے میچ میں پاکستان الیون نے یوکے میڈیا الیون کو 133رنز سے شکست دے دی، شاہد آفریدی نے 80اور انضمام الحق نے 28رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

دوسری جانب عمران خان نے میرانشاہ میں کھیلے گئے کرکٹ میچ کا خیر مقدم کیاہے۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف نے پاکستان کرکٹ بورڈ، پشاور زلمی، میڈیا اور فاٹا کے بہادر لوگوں کا تاریخی میچ کے انعقاد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شمالی وزیر ستان میں امن کی جیت ہوئی اور یہی نیاپاکستان اور وزیرستان ہے، ہم امن پسند قوم ہیں اور آج دنیا نے دیکھ لیا کہ باحوصلہ قومیں کس طرح مشکل حالات پر قابو پاتی ہیں ۔

انہوں نے شمالی وزیرستان کے علاقے میرا ن شاہ میں پاکستان الیون اور برطانوی میڈیا الیون کے درمیان میچ کے انعقاد پر پاکستان کرکٹ بورڈ، پشاور زلمی، دونوں ٹیموں اور میڈیا کے ساتھ ساتھ شمالی وزیر ستان اور فاٹا کے بہادر عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ادھر ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور نے کہاکہ دہشت گردی کے خطرے دوبارہ پیدا نہیں ہونگے۔

تازہ ترین