• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینٹرل جیل انتظامیہ نے سی ٹی ڈی کو سرچ آپریشن سے روکدیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سی ٹی ڈی اور سینٹرل جیل انتظامیہ آنے سامنے آگئے،جیل میں سرچ آپریشن کے لیئے جانے والی سی ٹی ڈی ٹیم کو جیل انتظامیہ نے روک دیا اور سپرنٹنڈنٹ جیل کا کہنا ہے کہ اجازت نہیں لی گئی تاہم سی ٹی ڈی نے2؍ بیرکس کی تلاشی لینے اور لٹریچر برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سینٹرل جیل سے دو قیدیوں کے فرار ہونے کے بعد رینجرز کی جانب سے جیل میں کیے جانے والے آپریشن اور وہاں سے برآمد ہونے والے سامان کے حوالے سے اسکی تفتیش سی ٹی ڈی کے سپرد کی گئی تھی ۔

سی ٹی ڈی کی ٹیم جمعرات کو ریپڈ رسپانس فورس کی بھاری نفری کے ہمراہ سینٹرل جیل پہنچ گئی اور جیل کے مختلف بیرکس میں سرچ آپریشن کرنا چاہا تاہم جیل انتظامیہ نے سی ٹی ڈی کی ٹیم کو جیل کے اندر سرچ آپریشن کی اجازت نہیں دی ۔سپریٹنڈنٹ جیل حسن سہتو نے بتایا کہ سی ٹی ڈی کی جانب سے جیل انتظامیہ سے ایسی کوئی اجازت نہیں لی گئی تھی جبکہ جیل قوانین کے مطابق کسی بھی ادارے یا ایجنسی کو کوئی بھی کارروائی کرنے سے پہلے جیل انتظامیہ کو آگاہ کرنا ہتا ہے اور اجازت نامہ لینا ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سی ٹی ڈی کو تفتیش کا حق حاصل ہے لیکن تلاشی کا نہیں، اس کیلئے انہیں پہلے جیل انتظامیہ سے اجازت حاصل کرنا ہوگی۔

دوسری جانب ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عامر فاروقی کا کہنا ہے کہ رینجرز کی جانب سے چند ماہ قبل جیل میں سرچ آپریشن کے دوران جو اشیاء برآمد کی گئی تھیں ان اشیاء کو اپنے قبضے میں لینے کیلئے ہم وہاں گئے تھے جبکہ ہمیں جیل انتظامیہ سے یہ بھی معلوم کرنا تھا کہ کس کھولی سے کون سے چیز برآمد ہوئی ہے لیکن جیل انتظامیہ نے اپنی نااہلی کو چھپنے کیلئے رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے ڈی آئی جی جیل کو ایک روز قبل اس بات سے آگاہ کر دیا تھا۔سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ جیل کے دو بیرکس کی سرچنگ کی گئی تاہم جیل انتظامیہ نے اس کی تردید کی ہے۔

تازہ ترین