• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محرم الحرام کا آغاز، صدر وزیراعظم کا امت مسلمہ کے اتحاد پر زور

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اسلامی سال کے پہلے مہینے محرم الحرام کےآغازکے موقع پر وطن عزیز اور امت مسلمہ میں اخوت و محبت،اتحاد، انسانیت کی فلاح و بہبود اور باہمی رواداری کو تعلیماتِ نبوی کی روشنی میں فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ قوم کے نام اپنے پیغام میں صدرممنون حسین نے قوم اور اہل اسلام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ یہ سال امت مسلمہ کیلئے باعثِ رحمت ثابت ہو، صدر نے ہجرت اور خانوادہ رسول کی عظیم الشان قربانی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان واقعات نے ہمارے لئے زندگی بسر کرنے کے اصولوں کا تعین کر دیا ہے ہمیں چاہئے کہ خود غرضانہ فرقہ واریت اور دہشتگردی جیسے قبیح عوامل سے دامن بچاتے ہوئے اخوت و محبت، انسانیت کی فلاح و بہبود اور باہمی رواداری کو تعلیماتِ نبوی کی روشنی میں فروغ دیکر منشائے خداوندی اور اتباعِ نبوی کے حصول کیلئے جدوجہد کریں۔

وزیر اعظم شاہد خا قان عباسی نے کہا کہ آج اسلامی سال 1439 ہجری کا آغاز ہو رہا ہے،  اسلامی تقویم کا پہلا مہینہ محرم الحرام ہے،یہ ماہِ مقدس اُن چار مہینوں میں سے ایک ہے جس کا ذکر قرآن کریم میں حرمت اور توقیر کے حوالے سے کیا گیا ہے، اس مقدس مہینے کو تاریخ میں شروع سے ہی عزت وسرفرازی نصیب رہی ہے ، محرم ہمیں اپنے اسلاف کی قربانیوں، صبرو تحمل، وفاداری اور استقامت جیسی اعلیٰ انسانی اقدار کی پاسداری ،بالخصوص واقعہ ہجر ت نبوی ؐکے موقع پر انصار و مہاجرین کی باہمی محبت و اخوت، بھائی چارے، ہمدردی، اتحاد و یکانگت کے واقعات کی پاسداری کی یاد دلاتاہے اور اُمتِ مسلمہ کی ہر شعبہ میں ر ہنمائی کرتا ہے۔ 

تازہ ترین