• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جینوا میں پاکستان مخالف مہم میں ملوث بلوچستان ہاؤس نامی نام نہاد تنظیم کو بھارت نے فنڈنگ کی ، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان نے جاپانی وزیراعظم کے دورہ بھارت اور مشترکہ اعلامیہ پر مایوسی کا اظہارکیا ہے اور کہا ہے کہ بھارت پاکستان بالخصوص بلوچستان میں تخریب کاری میں ملوث ہے،  جاپانی وزیر اعظم کو بھارت کی جانب سے دہشتگردی کو بطور ریاستی ہتھیار استعمال کرنے کی حقیقت سے آگاہ ہونا چاہیے۔ جینوا میں پاکستان مخالف مہم میں ملوث بلوچستان ہاؤس نامی نام نہاد تنظیم کو بھارت نے فنڈنگ کی  ،بھارت کی جانب سےافغان سرزمین کے استعمال کے نا قابل تردید ثبوت موجود ہیں،بھارت پاکستان  میں تخریب کاری میں ملوث ہے،   کلبھوشن  اور  طالبان  ترجمان کے بیانات ہمارے موقف کی تائید ہیں،بین الاقوامی برادری وادی میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے،جاپان کی جانب سے بھارتی بیان کی حمایت قابل افسوس ہے،جب تک کوئی تصدیق نہیں ہوتی وزارت خارجہ کسی واقعے کی مذمت نہیں کرتا،وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور سیکریٹری خارجہ نے جنرل اسمبلی کی سائیڈ لائنز پر متعدد ملاقاتیں کیں ، وزیراعظم کی متعدد ممالک کے سربراہان سے ملاقاتیں مثبت رہیں تاہم اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی ملاقات طے نہیں ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے جمعرات کو ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ روس کے دورے پر جارہے ہیں پاک روس تعلقات کے حوالے سے اُنہوں نے بتایا کہ آرمی چیف اکتوبر کے پہلے ہفتے میں ماسکو جائیں گے جاپانی وزیر اعظم کے دورہ بھارت اور مشترکہ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے جاپانی وزیراعظم کے دورہ بھارت کے مشترکہ اعلامیہ پر مایوسی ہوئی، جاپان کی جانب سے بھارتی بیان کی حمایت افسوسناک ہے، بھارت اپنے ہمسایوں میں ریاستی جبکہ مقبوضہ کشمیر میں بھی دہشت گردی میں ملوث ہے، اعلامیہ میں پاکستان کے حوالے سے غیر ضروری حوالہ جات دیے گئے، جاپانی وزیر اعظم کو بھارت کی جانب سے دہشتگردی کو بطور ریاستی ہتھیار استعمال کرنے کی حقیقت سے آگاہ ہونا چاہیے۔ بھارت کی جانب سےافغان سرزمین کے استعمال کے نا قابل تردید ثبوت موجود ہیں۔

ترجمان نے  بتایا کہ اعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 72 اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے دارالحکومت جینوا میں پاکستان مخالف مہم میں ملوث بلوچستان ہاؤس نامی نام نہاد تنظیم کو بھارت نے فنڈنگ کی ہے، بھارتی وزیراعظم کے بلوچستان پر بیان کے بعد ان میں تیزی آئی ہے، بھارت پاکستان بالخصوص بلوچستان میں تخریب کاری میں ملوث ہے۔ جنیوا میں بھارتی مشن پاکستان مخالف دہشت گرد تنظیم پی ایل او کو فنڈز فراہم کررہا ہے یہ بات بھی دنیا کے سامنے ہے کہ بھارتی قیادت نے خود پاکستان کو دولخت کرنے میں بھارتی کردار کا اعتراف کیا اور بھارتی راہنما بھی اسی طرح کے بیانات دیتے رہتے ہیں ، ترجمان دفتر خارجہ نے ڈرون حملے کی مذمت نہ جاری کرنے کے چوہدری نثار کے اعتراض  کے جواب میں کہا کہ وزارت دفاع اور وزارت داخلہ نے ڈرون حملے کی تصدیق نہیں کی، جب تک وزارت خارجہ کو تصدیق نہیں ہوتی وزارت خارجہ مذمت نہیں کرتا۔ سوئٹرز لینڈ کے شہر جنیوا میں بھارت کی ایما پر بلوچستان کے بارے میں پروپیگنڈے سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں پاکستان مخالف مہمات جاری ہیں اور بھارت ان میں براہ راست ملوث رہا ہے، ۔نفیس زکریا نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کے بلوچستان کے حوالے سے بیان کے بعد پاکستان مخالف کارروائیوں میں مزید تیزی آئی اور اب جنیوا میں بھی پاکستان مخالف مہم شروع کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے چاپانی وزیراعظم کے دورہ بھارت کے مشترکہ اعلامیہ پر مایوسی ہوئی اور جاپان کی جانب سے بھارتی بیان کی حمایت قابل افسوس ہے، پاکستان ایک اسلامی جمہوریہ ہے جہاں اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری کی جاتی ہے اور پاکستانی عدلیہ بھی اپنا فعال کردار ادا کررہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب اور پاکستان کی وزارت خارجہ اس سلسلے میں منفی پروپیگنڈے کے حوالے سے اپنا ردِعمل اور مناسب اقدامات کررہے ہیں ۔ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے بارے میں اپنی بریفنگ میں نفیس زکریا نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا تسلسل جاری ہے ۔گزشتہ جمعے کو کشمیریوں کو نماز جمعہ ادا نہیں کرنے دی گئی جب کہ مزید 4 معصوم شہریوں کو بھی شہید کردیا گیا ۔انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی برادری وادی میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بالخصوص بلوچستان میں تخریب کاری کی کارروائیوں میں بھارت کا ہاتھ رہا ہے جو دوسرے ممالک کے ذریعے پاکستان میں عدم استحکام اور دہشت گردی پھیلا رہا ہے، بھارتی خفیہ ایجسی را ک ایجنٹ کلبھوشن یادو اور تحریک طالبان کے ترجمان احسان اللہ احسان کے بیانات ہمارے موقف کی تائید ہیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ میں کشمیر میں دہشت گردی میں ملوث ہے اور اپنے ہمسایوں میں بھی ریاستی دہشت گردی کررہا ہے ۔ ترجمان نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں کابل میں افغانستان اور پاکستان کے ڈی ملٹری آپریشنز کے مابین بات چیت کے دوران داعش کے خلاف تعاون ، انسداد دہشت گردی اور بارڈر منیجمنٹ کے حوالے سے اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیاجبکہ فلیگ میٹنگز اور لوکل کمانڈرز کے درمیان ہاٹ لائن کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا۔

افغانستان کی جیل میں قید پاکستانی شہری صدیق کی رہائی کے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ کابل میں ہمارے مشن نے یہ معاملہ افغان وزارت خارجہ ، وزارت دفاع اور دیگر حکام کے سامنے اُٹھایا ہے جبکہ افغانستان کی سپریم کورٹ نے بھی قید کی مدت پوری ہونے کے بعد اُن کی رہائی کے احکامات جاری کیے۔وزارت  خارجہ  کے ترجمان نے جمعرات کو اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں بلو چستان کے حوالے سے بھارتی ایما پر چلائی جانے والی مہم سے متعلق متعدد سوالوں کے جواب میں بطور خاص لندن میں جیو اور جنگ کے سنئیر رپورٹر مرتضی علی شاہ کی خبروں کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ ان کے جامع رپورٹنگ میں جو حقائق پیش کیے گئے ہیں ان سے بھی یہ بات واضح ہوتی ہے کہ جینوا میں  پاکستان کے خلاف جو مذموم اور بے بنیاد پروپیگنڈہ ہو رہا ہے اور بلوچستان کو جس تناظر میں پیش کیا جا رہا ہے اس کے پیچھے بھارت لابی اور اسکی بھاری فنڈنگ ہے ۔ایک سوال میں انکی توجہ برکس اعلامیے پر سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی جانب سے کی کئی تنقید کی طرف کرائی گئی تو انہوں نے کہا کہ برکس اعلامیے کے بارے میں تفصیلی مئوقف پہلے دیا جا چکا ہے وزارت خارجہ سیاستدانوں کے بیانات پر رد عمل ظاہر نہیں کرتی ۔ 

تازہ ترین