• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسٹمز انٹیلی جنس کی ملک گیر کارروائیاں، پشاور میں کار سے پونے 14کلو ہیروئن برآمد

اسلام آباد (حنیف خالد) کسٹمز انٹیلی جنس نے اسمگلنگ کی لعنت کے خاتمے اور انسداد منشیات کیلئے ملک گیر کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں۔ اسی سلسلے میں پشاور میں ہونے والی ایک تازہ کارروائی میں ڈائریکٹر جنرل کسٹمز انٹیلی جنس شوکت علی کی اطلاع پر کسٹمز انٹیلی جنس کے ذیلی دفتر پشاور نے موٹر وے پر نوشہرہ کے قریب رشاکئی انٹرچینج پر ناکہ بندی کی اور ایک مشکوک سوزوکی سوفٹ کار نمبر ایل ای ایچ 4080ماڈل 2014ء کو پشاور کی جانب سے آتے دیکھ کر رکھنے کا اشارہ کیا مگر ڈرائیور نے روکنے کی بجائے گاڑی کی رفتار بڑھا دی۔

کسٹمز انٹیلی جنس سٹاف نے گاڑی کا پیچھا کیا جس پر ڈرائیور گاڑی کو موٹر وے پر چھوڑ کر موقع پر فرار ہو گیا۔ سرسری تلاشی لینے پر معلوم ہوا کہ گاڑی کے فرش میں خصوصی طور پر خفیہ خانے بنائے گئے ہیں‘ جس پر گاڑی کی مکمل تلاشی لی گئی تو انتہائی ماہرانہ طریقے سے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی ہیروئن برآمد ہوئی۔ برآمد کردہ ہیروئن کی مقدار 13کلو 7سو گرام ہے۔ ہیروئن کو بمعہ گاڑی قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت قبضہ میں لے لیا گیا۔ برآمد ہونیوالی منشیات اور گاڑی کی مجموعی مالیت ایک کروڑ اسی لاکھ روپے ہے۔ ایف آئی آر درج کر کے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

تازہ ترین