• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیخ رشیدنے بھی اسحاق ڈارسے استعفیٰ کا مطالبہ کردیا

اسلام آباد(ایجنسیاں ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ وزیرخزانہ اسحاق ڈار میںاگر تھوڑی سی بھی عزت نفس ہے تو استعفیٰ دے دیں۔جمعرات کو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ جرائم کی ماں حدیبیہ پیپر ملز اصل جڑ ہے، اسحاق ڈار نے منی لانڈرنگ کرکے ملک کو نقصان پہنچایا ‘ اگر ان میں تھوڑی سی بھی عزت نفس باقی ہے تو فورا عہدہ چھوڑ کر استعفیٰ دے دیں۔

نواز شریف دوبارہ واپسی کے لیے آئینی ترمیم کرنا چاہتے ہیں اس لیے پیپلز پارٹی کے پیروں میں بیٹھے ہیں‘نوازشریف کا 62، 63 میں ترمیم کیلئے پیپلزپارٹی کے چرنوں میں بیٹھنا بے سود ہوگا۔ انہوں نے کہا اگر بلاول بھٹو اپنےوالد کے پیچھے رہیں گے تو پیپلزپارٹی آگے نہیں آسکے گی۔علاوہ ازیں شیخ رشید نے کہا ہے کہ اللہ کے ہاں دیر ہے اندھیرنہیں، ظالم کو سزا ضرور ملے گی اور ماڈل ٹائون کے متاثرین کو انصاف ملے گا۔

لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے ماڈل ٹائون سانحہ کی رپورٹ منظرِ عام پر لانے کے حکم پرردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان کی سیاست بدلنے جارہی ہے‘ماڈل ٹائون میں ملوث پولیس افسران کو بھگایا گیا ہے، پہلے چور کی ماں کو پکڑا جائے گا، چور خود بخود پکڑے جائیں گے۔سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ یہ کہیں بھی چلے جائیں مظلوموں کی آہ سے نہیں بچ سکتے، ملوث پولیس افسران بھی کٹہرے میں لائے جائیں گے ۔

تازہ ترین